کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لئے کمیٹی مکمل آزاد ہے،سی اواو پی سی بی

کھلاڑیوں کی سلیکشن کے لئے کمیٹی مکمل آزاد ہے،سی اواو پی سی بی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے بلے باز اظہر علی کو کپتان برقرا رکھنے کا فیصلہ کر لیا ۔ اس بات کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے لاہور میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والی ون ڈے سیریز کے لوگو کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر آزاد ہے جو کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے بعد ہی ٹیم میں شمولیت یا عدم شمولیت کا فیصلہ کرتی ہے۔شاہد آفریدی کی کرکٹ کیریئر سے باعزت رخصتی کے حوالے سے ویسٹ انڈیز میں اعزازی میچ کھیلانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سبحان احمد کا کہناتھا کہ اس بات کا فیصلہ پی سی بی کے 26ستمبر کو ہونے والے اجلاس ہوگا ۔اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کے حوالے سے سبحان احمد کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں تاہم ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں 30ستمبر بروز جمعہ کو کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ سے ہو گا جب کہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے میچ بال ترتیب 2 اکتوبر اور 5 اکتوبر کو ہوں گے۔جبکہ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کپتان سرفراز احمد کی سربراہی میں دبئی پہنچ چکی ہے جہاں پہلا میچ 23ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بالترتیب 24اور 27ستمبر کو کھیلا جائے گا۔اسی طرح تین پانچ روزہ میچوں کی سیریزکا پہلا میچ 13اکتوبر سے 17اکتوبر، دوسرا ٹیسٹ میچ 21اکتوبر سے 25اکتوبر تک اور تیسرا ٹیسٹ میچ 30اکتوبر سے 3نومبر کے درمیان کھیلاجائیگا۔