ٹرمپ کے مسلم مخالف بیانات سے داعش کو مدد مل رہی ہے، ہیلری کلنٹن
واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) نیویارک اور نیو جرسی میں بم دھماکوں کے بعد امریکی صدارتی انتخاب کے دونوں بڑے امیدواروں ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اپنے انداز میں اس پر تبصرہ کیا ہے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے مسلم مخالف بیانات داعش کے لئے مددگار ثابت ہو رہے ہیں اور وہ ان کے لئے سکون اور تقویت کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اپنی سرزمین پر دہشت گردی کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح کمربستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات کے بعد داعش ایسے ظاہر کر رہا ہے جیسے امریکہ اسلام کے خلاف جنگ کر رہا ہے جو درست نہیں ہے۔ اس دوران ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی کوششیں ناکافی ہیں اور انہوں نے اس کے لئے صدر اوبامہ کے علاوہ ہیلری کلنٹن کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے جو قبل ازیں صدر اوبامہ کے ساتھ بطور وزیر خارجہ کام کرچکی ہے۔ انہوں نے سرکاری پالیسیوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردوں پر مسلسل بھرپور ضرب نہیں لگا رہے صرف وقتاً فوقتاً کارروائیاں کرتے ہیں جو کافی نہیں ہیں، ہمیں زیادہ سخت رویہ اختیار کرنا ہوگا۔