انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس کی وصولی کیخلاف درخواست پر سماعت سے معذرت
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔جسٹس عائشہ اے ملک کے روبرو درخواست کارروائی کے لئے پیش کی،درخواست میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس کی وصولی کو چیلنج کیا گیا ہے،عدالت کو بتایا گیا اسی نوعیت کا معاملہ ایک دوسرے بنچ کے سامنے زیر سماعت ہے جس جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست پر کارروائی سے معذوری ظاہر کی اور ہدایت کی کہ درخواست کو سماعت کے لئے اس بنچ کے روبرو پیش کیا جائے جو اسی نوعیت درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے،درخواست میں یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ صوبائی حکومت انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس عائد نہیں کرسکتی. اس ٹیکس کی وصولی کا اختیار صرف وفاقی حکومت کے پاس ہے،درخواست میں استدعا کی گئی کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس کے نفاذ کو کالعدم قرار دیا جائے۔