چیچہ وطنی :دلہا شادی سے قبل ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گیا

چیچہ وطنی (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162 میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل اس وقت دلچسپ ہوگیا جب شیروانی پہنے اور گلے میں پھولوں کا ہار پہنے دلہے میاں اپنے باراتیوں کے ہجوم میں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ سٹیشن پر پہنچ گئے۔باراتی ڈھول کی تھاپ پر دلہن کے گھر کی جانب رواں دواں تھے کہ اسی دوران دلہے میاں نے فرمائش کر دی کہ وہ شادی سے قبل اپنا ووٹ کاسٹ کر کے قومی فریضہ انجام دینا چاہتے ہیں جس پر بارات کا رخ پولنگ سٹیشن کی جانب موڑ لیا گیا ،شیروانی اور پگڑی میں سجے سنورے دلہے میاں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور اس کے بعد باراتیوں کے ساتھ دلہن لینے سسرال کا رخ کیا ، نوید احمد نامی دلہا کا کہنا تھا کہ شادی مذہبی فریضہ ہے اور ووٹ ڈالنا قومی فرض ،وہ چاہتا ہے کہ مذہبی فرض کے ساتھ قومی فریضہ بھی انجام دے سکے اس لئے وہ دلہن کے گھر جانے سے قبل ووٹ ڈالنے پولنگ سٹیشن آیا ہے۔