چارسدہ میں پراسرار بیماری سے 7دن میں4بچے جاں بحق

چارسدہ میں پراسرار بیماری سے 7دن میں4بچے جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ) چارسدہ کے علاقے انعام کلے میں پرا سرار بیماری کی وجہ سے ایک ہفتہ کے دوران چار معصوم طلباء و طالبات جاں بحق جبکہ سینکڑوں بچے متاثر ہو گئے۔ درجنوں بچے ہسپتال داخل ۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ پر اسرار وائرس سے علاقے میں خوف و ہراس کا عالم ہے ۔الحدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کی ٹیموں نے علاقے کا دورہ کر کے سپشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجنے اور متاثرہ علاقے کے لوگوں سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ محکمہ صحت مہلک بیماری کے اسباب کے حوالے سے ختمی رپورٹ مرتب نہ کر سکی ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال چارسدہ سے 10کلو میٹر دور علاقہ محمد ناڑی کے علاقہ انعام کلے میں پر اسرار وائر س پھیلنے سے ایک ہفتے کے اندر چار بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ سینکڑوں بچے متاثر ہو ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں شبینہ دختر ایوب خان ، مروہ دختر بہادر خان ، عزیز ولد سلطان سید ، عبدالعزیز ولد رحیم باچاشامل ہیں۔تمام بچوں کی عمریں 8سے 12سال تک ہے جو مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم تھے ۔مہلک بیماری کے پھیلاؤ اور بچوں کی اچانک ہلاکتوں پر پور ے علاقے میں خوف و ہراس کا عالم ہے۔محکمہ صحت چارسدہ ابھی تک مہلک بیماری کے اصل اسباب معلوم نہ کر سکی ۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں مہلک بیماری کے حوالے سے مختلف ٹیسٹ بھی کر وائے گئے مگر محکمہ صحت ابھی تک مہلک بیماری کے حوالے سے تحقیق نہ کر سکی کہ مہلک بیماری کے اصل اسباب کیا ہے ۔متاثرہ والدین کے مطابق بچوں کو ابتدائی مرحلے میں گلے کی شکایت ہو تی ہے اور گلا سوکھ کر سویلنگ شروع ہو جاتی ہے جس کے بعد شدید بخار ہو تا ہے اور بچہ چند دن کے اندر اندر فوت ہو جاتا ہے۔اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فر ہاد نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ صحت کو آج علاقے میں مہلک بیماری کے حوالے سے انفارمیشن ملی ہے اور محکمہ صحت کی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر علاقے کا دورہ کر رہی ہے ۔ پر اسرار وائر س اور بیماری کے اصل اسباب کے حوالے سے ابھی کوئی ختمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی ۔ دوسری طرف درجنوں بچوں کو تشویش ناک حالت میں چارسدہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کوآئسو لیشن وارڈ میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ مہلک وائر س کے حوالے سے چارسدہ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمد علی نے میڈیا کو بتایا بچوں کو فی الحال گلے اور بخار کیلئے ٹریٹمنٹ دی جا رہی ہے اور مکمل تحقیق کے بعد مہلک بیماری کے اصل اسباب کے حوالے سے ختمی رائے دی جائیگی ۔ ضلعی ناظم اعلی فہد ریاض خان نے چارسدہ ہسپتال کا دورہ کیا اور متاثرہ بچوں کی عیادت کرکے ایڈمنسٹریشن کو متاثر بچوں کو مکمل طبی امداد دینے کی ہدایت کی ۔دریں اثناء جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مصباح اللہ ،ضلعی نائب ناظم اعلی مصور شاہ اور الحدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر نور حسین کی قیادت میں الحدمت فاؤنڈیشن نے علاقے کا دورہ کیا اور ہنگامی بنیادوں پر سپشلسٹ ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم بھیجنے اور متاثرہ علاقے کے لوگوں سے ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کر ائی ۔