ملک شاہ محمد خان وزیر سے پشاور میں بنوں کے مختلف وفود کی ملا قات
پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر سے بنوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں پر مشتمل مختلف وفود نے سوموار کے روز ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفود سے باتیں کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کی روز مرہ زندگی میں نمایاں خوشگوار تبدیلی لانے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مخصوص طبقے کی بجائے برابری اور مساوات کی بنیاد پر خدمت کر رہی ہے اور صوبائی حکومت نے بھی سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر بلا امتیاز خدمت کواپنا شعار بنایا ہے۔ انہوں نے رائیونڈ جلسہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئینی اور جمہوری لحاظ سے یہ پر امن جلسہ پاکستان تحریک انصاف کاحق ہے لہذا مرکزی اور پنجاب کی حکومتیں جلسے کے انعقاد میں روڑے اٹکانے کی بجائے مکمل سیکورٹی فراہم کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعے کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا رائیونڈ جلسہ ملک میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔