کیا مشیر اور معاونین خصوصی آئین کے تحت حکومت کا حصہ ہیں؟
تجزیہ :۔سعید چودھری
وزیراعظم عمران خان نے مشیرخزانہ سمیت ڈیڑھ درجن کے قریب مشیر اور معاونین خصوصی مقررکررکھے ہیں،خیال ہے کہ وہ مشیروں اور معاونین خصوصی کے ذریعے نظام حکومت چلانے کی کوشش کریں گے ۔اب سوال یہ پیدا ہوتاہے کیا یہ مشیر اور معاونین خصوصی حکومت کا حصہ ہیں؟اس سلسلے میں آئین اور عدالتی فیصلے کیا کہتے ہیں،آئین کے آرٹیکل90یہ کہتاہے کہ وفاقی حکومت وزیراعظم اور وفاقی وزراء پر مشتمل ہوگی جبکہ آرٹیکل 91 میں کہا گیاہے وزراء پر مشتمل ایک کابینہ ہوگی جو وزیراعظم کی سربراہی میں کام کرے گی،ان دونوں آرٹیکلز میں مشیروں و معاونین خصوصی کا ذکر نہیں اور نہ ہی یہ حکومت یا کابینہ کے آئینی طور پر رکن قرارپاتے ہیں تاہم آئین کا آرٹیکل 93وزیراعظم کو 5مشیر رکھنے کی اجازت دیتاہے ،یہ مشیر آئین کے آرٹیکل57کے تحت پارلیمنٹ سے خطاب بھی کرسکتے ہیں لیکن وہ ووٹ کا حق نہیں رکھتے ۔اس کا مطب ہے یہ پارلیمنٹ کا حصہ بھی نہیں ہوتے ، آئین کے آرٹیکل2(اے) جوقراردادمقاصد پر مشتمل ہے اور قراردادمقاصد کا تیسرا نکتہ یہ ہے عوام منتخب نمائندوں کے ذریعے اپنا حکمرانی کا حق استعمال کریں گے ،مشیروں اور معاونین خصوصی ے ذریعے نظام حکومت چلانا آئین کی اس بنیادی روح کے منافی ہے جس کا ذکر قراردادمقاصد میں کیا گیاہے ،اس سلسلے میں عدالتی فیصلے کیا کہتے ہیں ،حال ہی میں سپریم کورٹ کے دوفیصلے جاری ہوئے ہیں،جن میں کہا گیاکہ حکومت سے مراد وزیراعظم اور وفاقی وزراء ہیں، دوہری شہریت والے کیس میں بھی سپریم کورٹ نے یہی قراردیا ،جس کے باعث اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنر ل (ر) راحیل شریف کو وزارت دفاع کی طرف سے جاری کیاگیا این او سی غیر قانونی قراردیاگیا اور سپریم کورٹ کی طرف سے تشریح کے مطابق حکو مت کو انہیں دوبارہ این اوسی جاری کرنا پڑا۔پی ایل ڈی 2017سندھ ،صفحہ 214پرسندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ موجودہے ،جس میں کہا گیاہے کہ وز یر اعظم کے مشیر کو وزیر کی حیثیت حاصل نہیں ،اس فیصلے کی روشنی میں اسوقت کے صوبائی مشیروں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ، قیوم سومرو اور مولا بخش چانڈیو کی گاڑیوں پر سے قومی پرچم اتارلئے گئے تھے اور ان کی وزیر کے طور پر کام کرنے کی حیثیت ختم کردی گئی تھی ۔عوام پوچھ سکتے ہیں ان کے منتخب نما ئند وں کی بجائے ان کے حق حکمرانی کو مشیر اور معاونین خصوصی کیوں استعمال کررہے ہیں؟اس سلسلے میں اگر معاملہ اعلیٰ عدالتوں میں جاتاہے تو حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔