تحریک انصاف نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی پیشکش کردی

اسلام آباد(آن لائن) متحدہ اپوزیشن کی جانب سے استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی پیشکش کردی۔
اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں اپوزیشن اتحاد کے قائدین خوب گرجے برسے اور حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی جبکہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے مذاکرات کی پیشکش دہرا دی۔
اپنے خطاب میں سلمان اکرام راجا کا کہنا تھا کہ ہم آپکو دعوت دیتے ہیں، آؤ ہم سے مکالمہ کرو اور اگر مکالمہ نہیں کرتے تو پھر ہم تیار ہیں اور ہم جدوجہد کریں گے۔ پاکستان کی عوام کوئی ریوڑ نہیں، آ پکو ہماری آواز کو سننا ہوگا۔ شرکا ءکا ملک میں استحکام کیلئے آئین پرعملدرآمد ناگزیر ہے،اگر ملک میں استحکام لانا ہے تو عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کرنا ہوگا۔
کانفر نس کے شرکا ءنے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی ہوتی تو بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور ہمارے رہنما جیل میں نہ ہوتے کل عالیہ حمزہ اور صدام خان ترین کو گرفتار نہیں کیا گیا ہوتا ۔ ملک میں استحکام کے لیے مضبوط دفاع بھی چاہیے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جولائی 2024 کو ایوان صدر میں گرین انیشیٹو کا اجلاس ہوتا ہے جس میں تمام چیزیں موجود ہیں اور اس پر آصف علی زرداری دستخط کرتے ہیں، آصف علی زرداری نے پہلے ہی سندھ کا پانی بیچ دیا ہے اور وزراء اس کی تصدیق کرتے ہیں۔