نئی سازش؟ سعودی شاہی خاندان کی ’خفیہ زندگیاں‘ منظر عام پر لانے کا اعلان کردیا گیا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے شاہی خاندان کی ’خفیہ زندگیوں‘ کو منظرعام پر لانے کے لیے ایک انتہائی متنازعہ فلم بنانے کا اعلان کردیا گیا ۔ یہ فلم ایک 68سالہ فلسطینی خاتون جانان حرب کے انکشافات پر مبنی ہو گی۔ جانان حرب کا کہنا ہے کہ وہ سابق سعودی فرماں روا شاہ فہد کی خفیہ بیوی ہیں۔ خاتون کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ فلسطین میں ایک عیسائی خاندان میں پیدا ہوئی تھیں مگر 1968ءمیں 20سال کی عمر میں انہیں زبردستی اسلام قبول کروایا گیا۔ مغربی میڈیا میں شائع ہونے والے خاتون کے بیانات کے مطابق ان کی شادی سعودی عرب کے سابق فرماں روا شاہ فہد سے ہوئی، جن کی عمر اس وقت 47سال تھی اور وہ سعودی عرب کے ولی عہد تھے، بعد میں فرماں روا بن گئے۔ وہ شاہ فہد کے ساتھ سعودی عرب میں ہی مقیم تھیں مگر شاہی خاندان اسے پسند نہیں کرتا تھا۔ جانان کا کہنا ہے کہ بالآخر شاہ فہد کے بھائی شاہ سلمان، جو اس وقت سعودی عرب کے فرماں روا ہیں، انہوں نے اپنے بھائی شاہ فہد کو یہ رشتہ ختم کرنے کو کہا، جس پر محض دو گھنٹے کے نوٹس پر جانان حرب کو سعودی عرب سے نکل جانے کا حکم دے دیا گیا۔ وہ آج کل لندن میں رہائش پذیر ہیں۔
مزید جانئے: دبئی کیلئے ایسا شاندار اعزاز جو آج تک کسی شہر کو حاصل نہ ہوسکا، اعلان ہوگیا
مڈل ایسٹ آئی ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق جانان کا کہنا ہے کہ ”شاہ فہد نے وقت رخصت میری تمام عمر خرچ اٹھانے اور 1کروڑ 20لاکھ پاﺅنڈز اور لندن میں 2فلیٹس دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن 2003ءمیں جب شاہ فہد بیمار ہو گئے تب ان کے بیٹے شہزادہ عبدالعزیز بن فہد نے رقم اور فلیٹ دینے سے انکار کر دیا،جس پر میں شہزادہ عبدالعزیز کے خلاف برطانوی ہائی کورٹ میں چلی گئی، ہائی کورٹ نے میرے حق میں فیصلہ دے دیا اور شہزادہ عبدالعزیز کو رقم اور فلیٹ ادا کرنے کا حکم دیا۔ اب شہزادہ عبدالعزیز اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ “ واضح رہے کہ جانان حرب اپنی اس غیرمعمولی کہانی کے حقوق میڈیا انڈسٹری کے مشہور نام ڈیمین مک کرسٹل(Damien McCrystal) کو فروخت کر چکی ہیں، جو اس پر فلم بنانے جا رہے ہیں۔ فلم سازی کے لئے فنڈز اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور اس پر کام کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔