ملک دشمنوں کے خلاففوج کا بھرپور ساتھ دینا ہو گا،پیر صفدر رسول
لاہور(جنرل رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے قرار دیا ہے کہ جب تک ملک میں امن کا قیام صحیح معنوں میں نہیں کیا جاتا ملک خانہ جنگی کی حالت میں ہی رہے گا۔ ملک دشمنوں کی بیخ کنی کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر عوام کو بھرپور ساتھ دینا ہوگا اس وقت صیہونی طاقتیں ارض پاک کو اپنے خونی پنجوں میں لینے کیلئے مل بیٹھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اے پی ایم ایل پنجاب کے صدر پیر صفدر رسول، جنرل سیکرٹری نوازش علی وڑائچ، سیکرٹری اطلاعات منیر احمد سدھو، اقلیتی ونگ کے صدر یونس بھٹی و دیگر عہدیداران نے گزشتہ روز جمرود اور باچا خان یونیورسٹی میں ہونے والے خودکش دھماکوں پر صوبائی آفس میں میڈیا نمائندوں سے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ صوبائی صدر پیر صفدر رسول نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کی اشد ضرورت ہے اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ایک ٹھوس اور متفقہ لائحہ عمل طے کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ جب تک ہم اپنے اندر چھپی کالی بھیڑوں کو خود تلف نہیں کریں گے یہ خودکش دھماکے یونہی ہوتے رہیں گے۔ جنرل سیکرٹری نوازش علی وڑائچ نے کہا کہ پاک فوج نے جو آپریشن ضرب عضب شروع کیا ہے اسی طرز کا ایک آپریشن ضرب عضب قوم کو خود سے شروع کرنے کی اس وقت انتہائی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائیاں تبھی کامیابی سے ہمکنار ہوں گی جب عوام فوج کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور جہاں بھی آپریشن ہوں وہاں کے عوام بھی اس آپریشن میں براہ راست فوج کا ساتھ دیں۔ سیکرٹری اطلاعات منیر احمد سدھو نے کہاکہ ہمیشہ دہشت گردی تب ہی ہوتی جب مقامی سطح پر چند مفاد پرست دہشت گردوں کی پشت پناہی کریں۔