جعلی شراب سے ہلاکتوں کے بعد محکمہ ایکسائز بھی متحرک ہوگیا،چھاپے شروع
لاہور(نیوز رپورٹر) شہر میں جعلی شراب سے ہلاکتوں کے بعد ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ بھی متحرک ہوگیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے تشکیل دی گئیں ٹیموں نے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔تفصیلات کے مطابق نشترکالونی کے علاقے میں جعلی شراب پینے والے 12افراد کی ہلاکت کے بعد ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ بھی متحرک ہوگیاہے۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈٹیکسیشن لاہور ریجن اے رضوان اکرم شیروانی کی ہدایات پر ای ٹی او ایکسائز لاہور لطیف انجم ،قمر شاہ ، شارون اور وقاص وغیرہ کی سربراہی میں تین الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصاً شفیق آباد ، یوحنا آباد، نشترکالونی، چونگی امرسدھو،شیراکوٹ ،نواں کوٹ ، فیکٹری ایریا، شادباغ، شاہدرہ ، نصیر آباد اورراوی روڈ کے علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔