دہشتگردی کیخلاف جنگ میں وفاق اور خیبر پختونخوا ایک ہی پیج پر ہیں :پرویز خٹک
پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آخری دشمن کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق اور خیبرپختونخوا ایک پیج پر ہیں اور نیشنل ایکشن پلان پر بھر پور عمل جاری ہے تاہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیر پا امن کے قیام کویقینی بنانے کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز انسانیت سوز واقعے پر جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بیرون ملک دورے پر تھے مگر چارسدہ واقعہ کی وجہ سے مجوزہ دورہ منسوخ کرکے دبئی سے ہی واپس وطن آنے کا فیصلہ کیا۔ وطن روانگی سے پہلے مقامی نیوز چینل سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے چارسدہ یونیورسٹی پر حملے کو نہایت افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے ۔انہوں نے دہشت گردی سے متاثرہ خیبرپختونخوا کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا صوبہ پچھلے دس سال سے خراب حالات کا شکار ہے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرعمل جاری ہے تاہم عوام کو بھی اس سلسلے میں حکومت اور سیکورٹی اداروں کی مدد کرنا ہو گی اور اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعہ کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں ۔ انہوں نے اس موقع پر غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا بھی کی ۔