باچا خان یونیورسٹی پر حملہ قابل مذمت ہے ،شاہی سید
کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل دہشت گرد حملے انتہائی افسوس ناک ہیں تعلیمی درس گاہوں پر حملے کرنے والے قوم کے مستقبل کو تاریک کرنا چاہتے ہیں علم و آگاہی کے مراکز کی سیکیورٹی مذید سخت کیا جائے آج بتایا جائے کہ ہمارا قصور کیا ہے ؟دہشت گردوں کے مراکز کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام ریاستی ادارے بشمول افواج پاکستان،قومی سیاسی و مذہبی قیادت اور سول سوسائٹی نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کو یقینی بنائیں اور بین الاقوامی اور قومی معاملات پر کھلی بحث کے بعد عالمی چنگل سے نکلنے کا فیصلہ کرکے عوامی امنگوں کی ترجمانی کریں،انہوں نے مذید کہا کہ امن و محبت کی علامت عظیم شخصیت کی برسی والے دن ان کے نام پر بنائی گئی یونیورسٹی پر حملہ کرکے دہشت گرد وں نے قوم کو سفاکیت کا کھلا پیغام دیا اب ابھی وقت ہے جہاں دہشت گردی کے مراکز ہیں وہاں کاروائی کی جائے عوامی نیشنل پارٹی شہداء کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتی ہے اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کے لیے دعا گو ہے ۔