گڈو پاور سٹیشن کے ٹی تھری ٹرانسفارمر میں آگ لگ گئی، اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں بجلی بند، بحالی کا کام شروع کر دیا: خواجہ آصف

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گڈو پاور سٹیشن میں فنی خرابی کے باعث نارتھ زون میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں بڑا بریک ڈاﺅن ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فنی گڈو تھرمل پاور ہاﺅس کے 500 کے وی گرڈ سٹیشن کے ٹی تھری ٹرانسفارمر میں آگ لگ گئی ہے جس کے باعث تربیلا، منگلا، غازی بروتھا پاور سٹیشنز بھی ٹرپ کر گئے جبکہ لاہور اور شیخوپورہ میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فنی خرابی کے باعث ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اسلام آباد، اٹک، جہلم، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، کشمیر اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں بجلی بند ہے۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ لیسکو کے تمام گرڈ سٹیشن سے بھی بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق بریک ڈاﺅن کے باعث قومی اسمبلی کا ایوان بھی تاریکی میں ڈوب گیا جس کے باعث اراکین نے خوب نعرے بازی کی اور شور شرابہ کیا جس کے فوری بعد جنریٹر چلائے گئے اور بعد ازاں قومی اسمبلی کے سپیکر نے واقعے کی انکوائری کا حکم بھی دیدیا۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں یہ دوسرا بڑابجلی کا بریک ڈاﺅن ہے۔
وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے گرڈ سٹیشنز ٹرپ ہوئے ہیں جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ فنی ماہرین نے فنی خرابی دور کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے اور جلد ہی خرابی پر قابو پا کر بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔