لاہور کے ایک کیفے میں لڑکی کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر امیر زادے کی فائرنگ، سیکیورٹی گارڈ زخمی، زیراستعمال ویگو ڈالے کی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی

لاہور (ویب ڈیسک) جوہر ٹاؤن میں کیفے میں لڑکی کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر امیر زادے نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو زخمی کردیا، ملزمان کالے رنگ کے ویگو ڈالے میں آئے تھے جس کی نمبر پلیٹ جعلی تھی، بعدازا ں ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کیفے کے عملے نے ملزم کو وہاں موجود ایک لڑکی کو ہراساں کرنے سے روکا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کیفے کا سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا، جبکہ ملزم ہوائی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق، دونوں ملزمان کالے رنگ کی ویگو ڈالے میں آئے تھے، جس پر جعلی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے لگے ہوئے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
بعدازاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے ملزم علی حسن کو گرفتار کرلیا جبکہ شریک ملزم فیاض کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔