تیسرا ٹی ٹوینٹی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

تیسرا ٹی ٹوینٹی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی
تیسرا ٹی ٹوینٹی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے حسن نواز کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے نیوز لینڈ کی جانب سے دیا گیا 205 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 16 اوورز میں عبور کر لیا جس میں حسن نواز نے 45 گیندوں پر 10 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

 ان کے علاوہ اوپننگ پر آنے والے محمد حارث نے 41 رنز بنائے تاہم وہ نصف سینچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، تیسرے نمبر پر آنے والے کپتان سلمان آغا نے ناقابل شکست نصف سینچری بنائی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر کیوی ٹیم نے 19.5 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے جس میں مارک چیپمن 94 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے تاہم وہ سینچری نہیں بنا پائے۔

ان کے علاوہ مائیکل بریسویل 31، ٹم سیفرٹ 19اور ڈیرل مچل 17 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔

پاکستان کی جانب سے حارث روف نے 3، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور عباس آفریدی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم میں عباس آفریدی اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے جب کہ محمد علی اور جہانداد خان ٹیم سے ڈراپ کردیے گئے ہیں۔

قومی ٹیم میں محمد حارث ، حسن نواز،سلمان علی آغا، عرفان نیازی، شاداب خان، عبدالصمد، خوش دل شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

واضح رہے میزبان نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

مزید :

کھیل -