درخت لگائیں سموگ کے اندھیرے مٹائیں، پنجاب میں شجرکاری مہم کے دوران ڈیڑھ کروڑ پودے لگانے کا ٹارگٹ،خصوصی ہیلپ لائن  بھی قائم

درخت لگائیں سموگ کے اندھیرے مٹائیں، پنجاب میں شجرکاری مہم کے دوران ڈیڑھ کروڑ ...
درخت لگائیں سموگ کے اندھیرے مٹائیں، پنجاب میں شجرکاری مہم کے دوران ڈیڑھ کروڑ پودے لگانے کا ٹارگٹ،خصوصی ہیلپ لائن  بھی قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب میں شجرکاری مہم کے دوران ڈیڑھ کروڑ پودے لگانے کا ٹارگٹ، فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ کیلئے موبائل ایپ لانچ،خصوصی ہیلپ لائن  بھی قائم کر دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا  ہےکہ حکومت ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کے لئے پرعزم ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ درخت ضرور لگائیں، چاہے اس کے سائے میں بیٹھنے کی توقع ہو نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے جنگلات کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ بچے اپنے والدین اور اساتذہ کرام کے نام پر درخت لگائیں۔جنگلات کا وجود ماحول، معیشت اور شہریوں کے لیے لائف لائن ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ناگزیر  ہیں۔درخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے مٹائیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ عالمی یوم جنگلا ت پرصوبے بھر میں 15لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ ”پلانٹ فار پاکستان“ مہم کے تحت 44لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔”گرین پاکستان“ پروگرام کے تحت 34لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صوبہ بھرکے زرعی جنگلات میں 14لاکھ زائدپودے لگائے جائیں گے۔ ہیلتھ،ایجوکیشن اور دیگر اداروں کو شجرکاری کے لئے 55لاکھ پودے فراہم کیے گئے ہیں۔پہلی مرتبہ بے آباد سرکاری اراضی پر بھی درخت لگائے جائیں گے۔ راجن پور، مظفرگڑھ اور سرگودھا میں دریائے سندھ سے متصل 3700 ایکڑ پر شجرکاری کی جائیگی۔ غازی گھاٹ اورمظفر گڑھ میں 1500ایکڑ رقبے پر شجرکاری ہوگی۔ شیخوپورہ اور لاہور راوی کنارے پر 444ایکڑ رقبے پر درخت لگائے جائیں گے۔گجرات میں دریائے چناب سے متصل علاقوں میں بھی شجرکاری ہوگی۔ گوجرانوالہ، چھانگا مانگا، چیچہ وطنی، اٹک،جھنگ اور ڈی جی خان میں خالی اراضی پر شجرکاری کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 161سال سے قائم محکمہ جنگلات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جارہا ہے۔ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ میں جی آئی ایس ریموٹ سینسنگ، ہائی ریزولوشن میپنگ اور ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی ہے۔ سیٹلائٹ اور ڈورن ٹیکنالوجی سے جنگلات میں وقوع پذیر تبدیلیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔مری اور جھانگا مانگا کے جنگلات کی ہائی ریزولوشن اورتھری ڈی میپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈرون ٹیکنالوجی سے جنگلات میں تجاوزات کی مانیٹرنگ اور فارسٹ ہیلتھ مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت کے لئے تھرمل سینسرکی مدد لی جائے گی۔ جنگلات کی حدود کے تعین کے لیے کمپارٹمنٹ لیول فارسٹ میپنگ کی جارہی ہے۔فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ اور انسپیکشن کے لئے موبائل ایپ لانچ کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جنگلا ت میں لگنے والی آگ کے بروقت سدباب اور ڈی ٹیکشن انٹیلی جنس سسٹم کوجلد فعال کر دیا جائے گا۔ جنگلات سے متعلق ہنگامی صورتحال کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 1084 بھی قائم کر دی گئی ہے۔