یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ: سیکیورٹی پلان تیار ،اضافی نفری تعینات، مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ: سیکیورٹی پلان تیار ،اضافی نفری تعینات، مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر سیکیورٹی کے حوالے سے مفصل احکامات جاری کرتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کو سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق ہدایت کی گئی ہے کہ 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔ تمام اہم مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور مزارات کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ضرورت کے مطابق اضافی نفری تعینات کی جائے۔ اسی طرح صوبہ بھر میں ماتمی جلوس، محافل عزا اور مساجد میں عوامی اجتماعات کیلئے سیکیورٹی پروٹوکول پر عمل کیا جائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ انتظامیہ یقینی بنائے کہ مقررین کسی بھی فرقے کے خلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقریریں نہ کریں۔ پنجاب بھر میں آتشیں اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش پر پابندی کا نفاذ کیا جائے اور پنجاب ساؤنڈ سسٹم (ریگولیشن) ایکٹ، 2015 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ بڑے شہروں میں مرکزی جلوسوں کی کواڈ کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ جلوسوں کے روٹس پر واپڈا کی اہم ٹرانسمیشن لائنوں اور ایس این جی پی ایل کی گیس پائپ لائنوں کو محفوظ کیا جائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر کے تمام شہروں کے داخلی خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ اسی طرح ممتاز مذہبی و سیاسی رہنماؤں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے اور تمام قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس ادارے قریبی رابطہ برقرار رکھیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بروقت انفارمیشن شیئرنگ کی جائے۔ پنجاب بھر کی انتظامیہ تمام ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، سی پی اوز، ڈی پی اوز سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام سیکیورٹی اہلکار جلوس اور مجالس کے مکمل منتشر ہونے تک ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔