مریم نواز کی ماحول دوست پالیسیوں کے باعث لاہور کی فضاء خوشگوار ہورہی ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے آج الحمراء میں پودا لگا کر صوبے بھر میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ماحول دوست پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، اور لاہور کی فضاء تیزی سے بہتر اور خوشگوار ہورہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے کے لیے دن رات محنت کی ہے، اور درختوں کی اہمیت کا احساس اب ہر شہری کو ہو رہا ہے۔ سموگ کے بڑھتے اثرات نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ درخت لگانا اور ان کی حفاظت کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ درخت نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کو کم کرتے ہیں بلکہ صدقہ جاریہ بھی ہیں۔ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور ماحول دوست فضاء فراہم کی جا سکے۔
تقریب میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء توقیر کاظمی، ڈی جی پکار تنویر ماجد، ڈی جی پی آر صغیر شاہد، چیئرمین الحمراء رضی احمد، اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے الحمراء کے ملازمین میں عیدی بھی تقسیم کی۔