آئی جی جیل اس وقت تک معطل رہیں جب تک وہ پروڈکشن آرڈر پر عمل نہیں کرتے: سینیٹر فیصل سلیم

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سینیٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ سینیٹر اعجاز چودھری کے 3 بار پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے، پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نہیں کریں گے تو ہم بھی احکامات دیں گے، آئی جی جیل بھی اس وقت تک معطل رہیں جب تک وہ پروڈکشن آرڈرپر عمل نہیں کرتے۔
روز نامہ جنگ کے مطابق سینیٹر تاج حیدر کی زیرِ صدارت سینیٹ کی کمیٹی استحقاق کا اجلاس ہوا۔آئی جی پنجاب، آئی جی پریزن پنجاب اور جیل سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت پیش ہوئے۔اجلاس کے دوران اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج دیاتھا،آئی جی پنجاب اور آئی جی جیل کے خلاف تحریکِ استحاق پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے آرڈر پر عمل نہ کرنا ایک سنجیدہ استحقاق ہے،آئی جی پنجاب نے جواب میں کہا کہ سینیٹر اعجاز اس وقت ادارہِ امراض قلب میں داخل ہیں۔
سعدیہ عباسی نے یہ بھی کہا کہ اگر آج نہیں ہو سکتا تو اعجاز چودھری کو پیر کو کمیٹی میں پیش کیا جائے۔