نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری کے بعد حسن نواز کی گفتگو

آکلینڈ(ڈیلی پاکستان آن لائن)نوجوان بیٹر حسن نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز نے اپنی ابتدائی جدوجہد اور ٹیم کی سپورٹ کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہاپہلے دو میچز میں جس طرح آؤٹ ہوا، اس سے میں بہت دل برداشتہ ہو گیا تھا، لیکن کپتان اور شاداب خان نے میری مکمل حمایت کی۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ میں ایک میچ وننگ پلیئر ہوں، اور یہی حوصلہ افزائی میرے کام آئی۔
حسن نواز نے مزید کہا کہ ان کے ذہن میں صرف ایک ہی چیز تھی کہ انہیں سب سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا پہلا رن لینا ہے۔ جب میں نے پہلا سنگل لیا تو میں پُرسکون ہو گیا اور مجھ پر سے دباؤ ختم ہو گیا۔ مجھے بے حد سپورٹ ملی اور میں اپنے کپتان کا بہت شکر گزار ہوں۔حسن نواز کی شاندار اننگز نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور ان کی پرفارمنس کو شائقین کرکٹ نے بھی خوب سراہا۔