کہیں آپ کے جسم  میں کیڑے تو نہیں؟

کہیں آپ کے جسم  میں کیڑے تو نہیں؟
کہیں آپ کے جسم  میں کیڑے تو نہیں؟
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیراسائٹک کیڑے جنہیں ہیلمنتھس بھی کہا جاتا ہے، انسانی جسم میں رہ کر غذائی اجزاء پر پلتے ہیں اور مختلف طبی مسائل کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ کیڑے عام طور پر آلودہ خوراک، پانی، مٹی یا کیڑوں کے کاٹنے کے ذریعے جسم میں داخل ہوتے ہیں۔ عام اقسام میں گول کیڑے، ٹیپ ورمز، ہک کیڑے اور پن ورمز شامل ہیں۔ کچھ انفیکشن بغیر علامات کے بھی ہو سکتے ہیں، جبکہ دیگر شدید ہاضمے کے مسائل، تھکن، جلد کی بیماریاں اور غذائیت کی کمی پیدا کر سکتے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق پیراسائٹک کیڑوں کی موجودگی کی ایک عام علامت ہاضمے کے مسائل ہیں، جن میں مستقل اسہال، قبض، پیٹ میں گیس اور درد شامل ہو سکتے ہیں۔ یہ کیڑے جسم سے غذائی اجزاء چوس لیتے ہیں، جس کی وجہ سے وزن کم ہونے لگتا ہے، چاہے کھانے کی مقدار معمول کے مطابق ہو یا زیادہ ہو۔ غذائی قلت کے باعث توانائی کی سطح کم ہو جاتی ہے اور مسلسل تھکن محسوس ہونے لگتی ہے۔ خاص طور پر پن ورمز شدید خارش کا سبب بنتے ہیں، جو رات کے وقت زیادہ بڑھ سکتی ہے۔ کچھ اقسام متلی، بھوک میں کمی اور معدے کی تکلیف کا سبب بنتی ہیں۔

بعض کیڑے الرجک ردعمل پیدا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے جلد پر خارش، دانے یا دادجیسی علامات نمودار ہو سکتی ہیں۔ ہک ورمز اور ٹیپ ورمز جسم سے آئرن اور دیگر ضروری وٹامنز جذب کر لیتے ہیں، جس کی وجہ سے خون کی کمی (اینیمیا) ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات بالغ کیڑے یا ان کے لاروا پاخانے میں نظر آ سکتے ہیں یا مقعد کے قریب پائے جا سکتے ہیں۔ کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ کیڑے دباؤ کے ہارمونی ردعمل کو متحرک کر کے دانت پیسنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

اگر آپ کو پیراسائٹک کیڑوں کے انفیکشن کا شبہ ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ان کیڑوں کے خاتمے کے لیے مخصوص ادویات موجود ہیں، لیکن مؤثر علاج کے لیے مکمل کورس لینا ضروری ہے تاکہ تمام کیڑے ختم ہو جائیں۔ حفظان صحت کو برقرار رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔ بیت الخلا کے استعمال کے بعد، کھانے سے پہلے اور پالتو جانوروں کو ہاتھ لگانے کے بعد صابن سے اچھی طرح ہاتھ دھونا انفیکشن کو دوبارہ پھیلنے سے روک سکتا ہے۔

بستر کی چادریں، کپڑے، تولیے اور زیر جامہ کپڑے گرم پانی میں دھونے چاہئیں  تاکہ انڈے ختم ہو جائیں۔ باتھ روم کی سطحوں کو باقاعدگی سے صاف کرنا اور قالین کو ویکیوم کرنا دوبارہ انفیکشن کے امکانات کم کر سکتا ہے۔

کچھ پیراسائٹس خاص طور پر ٹیپ ورمز  کچے  یا صحیح طریقے سے نہ پکائے  گئے  گوشت اور سمندری خوراک سے پھیل سکتے ہیں۔ ہمیشہ گوشت کو محفوظ درجہ حرارت پر پکائیں اور ناقابل اعتبار ذرائع سے کچا گوشت یا سوشی کھانے سے گریز کریں۔

پیراسائٹک انفیکشن کی وجہ سے اسہال اور الٹی کے باعث جسم میں پانی کی کمی ہو سکتی ہے، اس لیے صاف، فلٹر شدہ پانی زیادہ مقدار میں پینا ضروری ہے تاکہ جسم سے زہریلے مادے خارج ہو سکیں اور صحت یابی تیز ہو سکے۔

کچھ غذائیں قدرتی طور پر پیراسائٹک اثرات رکھتی ہیں جیسے کہ لہسن، کدو کے بیج، پپیتے کے بیج، ناریل اور ہلدی،  یہ خوراک نہ صرف کیڑوں کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ نظام ہاضمہ کو بھی بہتر بناتی ہے۔

کیڑے آنتوں کے صحت مند بیکٹیریا کو متاثر کر سکتے ہیں، جس کی وجہ سے ہاضمے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ دہی، کیفر اور خمیر شدہ سبزیوں جیسی پروبائیوٹک غذائیں کھانے سے آنتوں کے بیکٹیریا کا توازن بحال ہو سکتا ہے اور مدافعتی نظام مضبوط ہو سکتا ہے۔

چینی اور پروسیس شدہ کاربوہائیڈریٹس پیراسائٹس کی افزائش میں مدد دیتے ہیں، اس لیے ان کا استعمال کم کرنا اور غذائیت سے بھرپور متوازن خوراک کھانا انفیکشن کو جلد ختم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

اگر آپ کو پیراسائٹک انفیکشن ہوا ہے تو علاج مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر سے دوبارہ معائنہ کروائیں تاکہ تصدیق ہو سکے کہ تمام کیڑے مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں۔ پاخانے کے ٹیسٹ سے دوبارہ انفیکشن کا پتا لگایا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر علامات دوبارہ ظاہر ہوں۔

پیراسائٹک کیڑوں کے انفیکشن قابل علاج ہوتے ہیں، لیکن پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے جلد پتہ لگانا اور مناسب طبی علاج حاصل کرنا ضروری ہے۔ سخت صفائی کے اصولوں پر عمل کرنا، صحت مند خوراک اپنانا اور اینٹی پیراسائٹک تدابیر اختیار کرنا ان کیڑوں سے نجات اور مستقبل میں انفیکشن سے بچاؤ میں مدد دے سکتا ہے۔

مزید :

تعلیم و صحت -