" پلانٹ فار پاکستان مہم" جاری، 2000 سے زائد پودے لگا دیئے گئے، ہر 15 دن بعد معائنہ ہو گا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)" پلانٹ فار پاکستان مہم" جاری، 2000 سے زائد پودے لگا دیئے گئے، ہر 15 دن بعد معائنہ ہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ معدنیات پنجاب کی جانب سے "پلانٹ فار پاکستان" مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کی قیادت سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال کر رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جا رہی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ گزشتہ روز ساڑھے نو بجے سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال نے خود پودا لگا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا اور ملکی سرسبزی و شادابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر یہ مہم نہ صرف جاری رہے گی بلکہ اسے مزید وسعت دی جائے گی۔محکمہ معدنیات کی جانب سے اب تک پنجاب بھر میں 2000 سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر پرویز اقبال نے واضح کیا کہ پودوں کی روزانہ نگہداشت کو یقینی بنایا جائے گا اور ہر 15 دن بعد وہ خود سائٹ کا معائنہ کریں گے تاکہ شجرکاری کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
سیکرٹری معدنیات نے کہا کہ لاپرواہی یا نااہلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کا واحد حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے۔ شجرکاری کے بغیر موسمیاتی آفات پر قابو پانا ممکن نہیں۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔پرویز اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کو سرسبز اور ماحول دوست بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اور اس بحران سے نمٹنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔