حرم شریف میں موجود افراد کی تصدیق کیلئے سعودی حکومت نے کمرکس لی
جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی حکومت نے حجاج ومعتمرین کو بہتر خدمات اور سہولیات مہیا کرنے اوران کی موجودگی کی تصدیق کے لیے جدید آلات اور انفارمیشن ٹکنالوجی سے استفادے کا ایک نیا منصوبہ تیار کرلیاہے جس پر اتصالات اور حرمین شریفین کے نگران ادارے نے دستخط کردیئے ۔
العربیہ کے مطابق سمارٹ الیکٹرانک سروسز کی مدد سے حرم کی حدود میں موجود کوئی بھی حاجی، زائر یا معتمر اپنی موجودگی کے بارے میں احباب کو آگاہ کر سکے گا جبکہ یہ سروس حرم میں حج وعمرہ کی مانیٹرنگ کرنے والے اداروں کے لیے مددگار ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق مکہ میں حرمین شریفین منتظمین اور اتصالات کے عہدیداروں نے ایک اجلاس کے دوران مسجد حرام میں سمارٹ الیکٹرانک سروسز کی فراہمی کے معاہدے کی منظوری دی۔ٹیکنیکل انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر انجینیر بندر الحزیم نے بتایا حرمین شریفین کے ادارے کے سربراہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان پر مشتمل کمیٹی جدید سمارٹ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے تمام تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے ساتھ اس حوالے سے قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔ منصوبے کے تحت مسجد حرام کے داخلی اور خارجی راستوں پر الیکٹرانک گیٹس کی تنصیب بھی شامل ہے۔