ڈپٹی کمشنر سارہ رحمان کا ”زمونگ کور“ ڈیرہ کیمپس “ کا دورہ
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمان نے ”زمونگ کورڈیرہ کیمپس “کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اور زیر کفالت بچوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید گلفام عباس شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر زمونگ کور رفیع اللہ نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں تعلیم، صحت، اور مستحق بچوں کی بحالی و ترقی کے مختلف فلاحی کام شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمان نے ادارے میں جاری بحالی اور بچوں کی نشوونما سے متعلق اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بچوں سے گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں حکومت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے زمونگ کور کی جانب سے محروم بچوں کو محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنے، تعلیمی مواقع دینے، ہنر سکھانے اور ان کی ذہنی و جذباتی نشوونما کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی فلاح و بہبود حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کے اداروں کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ضرورت مند بچوں کو بہترین سہولیات اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔یہ دورہ حکومت کے بچوں کی فلاح و بہبود کے عزم کی توثیق کرتا ہے اور اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ زمونگ کور جیسے ادارے کمزور بچوں کی زندگیوں میں امید اور بہتری لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، تاکہ وہ معاشرے کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔