ایران کے سفارتخانے کا یومِ پاکستان پر خصوصی پیغام

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے اور اس کے عملے کی جانب سے عظیم پاکستانی قوم کو یومِ پاکستان کے پر مسرت اور تاریخی موقع پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے حکومت اور عوامِ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور عظیم شاعر و مفکر علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے عشروں کے دوران ایک مضبوط، باہمت اور وفادار قوم ہونے کا ثبوت دیا ہے، جو غیر معمولی حالات میں بھی ثابت قدم رہی ہے۔ایران اور پاکستان کی قیادتوں کے مضبوط عزم کے تحت دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کے فروغ میں شاندار مثال قائم کر چکے ہیں، جو اسلامی اخوت، حسنِ ہمسائیگی، باہمی احترام اور خیرسگالی کے اصولوں پر مبنی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یومِ پاکستان کے اس 86ویں موقع پر ہم پاکستان کی پائیدار امن، ترقی اور سلامتی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔