ٹاپ ٹرینڈ
یہ لیک ویڈیو کا زمانہ ہے۔ آئے دن کسی نہ کسی کی ویڈیو لیک ہوتی رہتی ہے سیاستدان سے لیکر مفتی تک اس وبا سے نہیں بچے، تو پھر ٹک ٹاکر اور ولاگر کس کھیت کی گاجریں ہیں۔ ٹاپ ٹرینڈ میں وہی ہے جس کی ویڈیو لیک ہے۔ عام بندے کو کوئی نہیں پوچھتا، نہ اس کے فالوورز ہیں۔ تو جس نے لائکس اور فالورز بڑھانے ہیں اس کو اپنی ویڈیو تو لیک کرنی پڑے گی۔ راتوں رات ملین فالورز بس ایک ویڈیو لیک کی دین ہوتے ہیں۔ بس شرط یہ ہے کہ ویڈیو قابل اعتراض ہونی چاہیئے۔
اپنی غیر اخلاقی ویڈیو لیک ہونے کے بعد کچھ خواتین عزرائیل کو اچانک زحمت دے دیتی ہیں۔ کچھ توبہ تائب کر کے اللہ کے قریب ہوجاتی ہیں، اور کچھ خواتین اپنے چاہنے والوں کے۔ ویسے آخر والا آپشن ان دنوں ٹرینڈ میں ہے۔
ایک مرد سیاستدان کی ویڈیو لیک ہوء تو کسی نے بھی سیاستدان کی طرف توجہ نہیں کی۔ سب اس بحث میں پڑے تھے کی جس ساتھی عورت کی بیک ہے وہ بھلا کون سی اینکر ہے۔ اس سے حساب لگا لیں چہرے کا واضح ہونا کتنا ضروری ہے۔ سب تکے پہ تکا لگائے رہے تھے۔ عامر لیاقت ہوتا تو درست تکے پہ پاکستانیوں کو تحفے دیتا لیکن بد قسمتی سے وہ نہیں تھا۔
ایک معروف اینکر کی بیوی نے اپنے نجی لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پہ ڈال دی۔ وہ صاحب کمزور دل کے نکلے، ویڈیو کا بوجھ سہار نہ سکے اور جان سے چلے گئے۔ حال ہی میں ایک ویڈیو معروف وی لاگر کی بھی لیک ہوئی ہے، کئی ٹک ٹاکرز پہلے سے اس لسٹ میں ہیں لیکن وہ سب کی سب مضبوط دل کی ہیں۔
ایک خاتون کی نازیبا ویڈیو لیک ہوئی تو لگی سوشل میڈیا پہ رونا دھونا مچانے۔ اب جس نے ویڈیو لیک کی تھی اس نے بھی سٹیٹس لگادیا۔ کہتی ہو تو ابھی ڈیلیٹ کر دوں؟ اس کے بعد اس خاتون کا کوئی بیان نہیں آیا۔
سستی شہرت اور روزگار چلانے کے لیئے کچھ خواتین ایسی ویڈیوز خود لیک کرتی ہیں اور ویڈیو لیک ہونے کے بعد معصوم بننے کی اداکاری کرتی ہیں۔ تو جو خواتین جان بوجھ کے اپنی نازیبا ویڈیو لیک کرتی ہیں تو انھیں مبارک کہ وہ کامیاب ٹھہریں۔ شہرت حاصل کرنے کا مطلوبہ ٹارگٹ انھوں نے حاصل کر لیا۔ ان کو چاہیئے اس کا الزام دوسروں کے سر ڈالنے کی بجائے سیدھے سے تسلیم کر لیں کہ یہ ان کا فینز کے لیئے تحفہ ہے۔ اللہ جانتا ہے اس طرح کہنے سے فالوورز کی تعداد میں بہت برکت ہوگی۔
دوسری وہ ہیں جو محبت کے نام پر بے خبری میں ماری جاتی ہیں، کسی پہ اعتبار کر کے اسے خود تک رسائی دیتی ہیں۔ پھر ایسی خواتین کو اعتبار کرنے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ اگر کوئی خاتون محبت میں اعتبار کر کے یہ سب کرجاتی ہے تو رسائی پا کر اعتبار توڑنے والا مرد بد بخت ہے جو ایسی عورت کو رسوا کرتا ہے جس نے اپنا سب کچھ اس کی محبت پہ وار دیا۔ ایسی ویڈیو میں خاتون برہنہ نہیں ہوتی۔ اس سے منسلک شخص کی اصلیت اور ننگی سوچ لیک ہوتی ہے۔ تو ایسے لیک شدہ لوگوں کو ان کی اخلاقی پستی مبارک۔ لیکن اگر باہمی مشاورت سے ویڈیو لیک کی ہے تو پھر ہمارے ہاں ٹھرکیوں کی کمی نہیں، بس ویڈیو لیک کریں اور فالوورز دیکھیں۔