وزیراعلیٰ مریم نواز سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی عارف محمود گل اور آغا علی حیدر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی امور اور صوبے بھر میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی کا وزیراعلیٰ مریم نواز کو صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام شروع کرانے پر شکریہ ادا کیا۔ ارکان اسمبلی نے مہنگائی میں کمی اور پنجاب کی تاریخ کے سب سے زیادہ پراجیکٹ کی کامیاب لانچنگ پرمبارکباددی۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہیں۔ ادویات کاتمام سرکاری ہسپتالوں سے فری ملنا پنجاب حکومت کی کارکردگی کو چارچاند لگارہا ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی عارف محمود گل نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ستھرا پنجاب پروگرام سے شہروں اور دیہات میں یکساں صفائی کا نظام قابل تحسین ہے۔
صوبائی اسمبلی کے رکن آغا علی حیدر نے کہا کہ اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام سے وزیراعلیٰ مریم نواز صوبے کے لوگوں میں گھرکررہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں اور بہتری لانا ہی میرا خواب ہے۔ قائد محمد نوازشریف کی قیادت میں پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرچکے ہیں۔ پاکستان کے عوام کی خدمت کرنا ہی مسلم لیگ (ن)کا کام ہے۔ عوام سے کیے وعدے ان شاء اللہ پوراکریں گے۔