پنجاب میں کلینک آن وہیل کیلئے جدید گاڑیاں خریدنے کی منظوری، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں مانیٹرنگ، رپورٹنگ اینڈ ایلویشن ڈیپارٹمنٹ کا الگ شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں پہلی مرتبہ مانیٹرنگ، رپورٹنگ اینڈ ایلویشن ڈیپارٹمنٹ کا الگ شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں کلینک آن وہیل کیلئے نئی اورجدید گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سروس بل 2025پرغور کیا گیا۔ ڈرگ مینوفیکچرز، ایکسپورٹر اورڈرگ سیلز لائسنس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیاگیا۔
سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں جامع ڈیجیٹل ریفرل سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔ مئی کے آخر تک کلینک آن وہیل کی تعداد 544سے بڑھ جائے گی۔ پنجاب میں مراکز صحت کی آؤٹ سورسنگ کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ 982مریم نوازہیلتھ کلینک کیلئے 9ہزار ڈاکٹروں کی درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ 315مریم نوازہسپتال کنسلٹنٹ جوائنٹ وینچرموڈپرچلائے جائیں گے۔ مریم نوازہسپتالوں کیلئے 93درخواستیں موصول ہوئیں۔ پنجاب میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرکے500کا پہلا بیچ 28اپریل سے فعال ہوگا۔