ضلع خوشاب میں" پنجاب دھی رانی پروگرام" فیز2 کا آغاز، 74 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ضلع خوشاب میں پنجاب دھی رانی پروگرام فیز2 کا آغاز، 74 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب دھی رانی پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کا تعلق خوشاب، نور پور تھل، قائدآباد سے ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ہر جوڑے کو ایک لاکھ سلامی پیش کی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو فرنیچر کی خریداری کے لیے 1 لاکھ 20 ہزار کی رقم بذریعہ بینک فراہم کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کیا گیا تاریخ ساز دھی رانی پروگرام فیز 2 کا پنجاب بھر میں آغاز ہو چکا ہے۔پنجاب بھر میں جاری دھی رانی سماجی بہبود کا تاریخ ساز پروگرام ہے۔ دھی رانی پروگرام سماجی و طبقاتی ناہمواریوں کے خاتمے کے لیے مددگار ثابت ہو رہا ہے۔تاریخ میں پہلی بار اجتماعی شادیوں کے اتنے بڑے پروگرام کی مثال نہیں ملتی۔دھی رانی پروگرام سے نہ صرف مسلمان گھرانے بلکہ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نےکہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی سب کو نظر آ رہی ہے، پہلے فیز کی طرح دوسرے فیز میں بھی دھی رانی پروگرام کے ذریعے سینکڑوں خاندان مستفید ہوں گے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک شاکربشیر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک سال میں تاریخی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
رکن صوبائی اسمبلی ملک آصف بھاؤ نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جاری ہے،ہر میدان میں وزیراعلیٰ پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہیں۔
ایم پی اے ملک کرم الہٰی بندیال نے کہاکہ پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مریم نواز پنجاب کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ( ن) ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک سال میں بے مثال کارکردگی سے مخالفین کو جواب دیا ہے۔وزیر اعظم نے بجلی سستی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔