پولیس نے چور کے پیٹ سے  ساڑھے 21 کروڑ روپے کی انتہائی قیمتی چیز برآمد کرلی

پولیس نے چور کے پیٹ سے  ساڑھے 21 کروڑ روپے کی انتہائی قیمتی چیز برآمد کرلی
پولیس نے چور کے پیٹ سے  ساڑھے 21 کروڑ روپے کی انتہائی قیمتی چیز برآمد کرلی
سورس: Orlando Police

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)  امریکی ریاست فلوریڈا کی پولیس نے ایک ملزم کی جانب سے نگلی گئی ٹفنی اینڈ کمپنی کی ہیرے جڑی بالیاں برآمد کر لی ہیں جن کی مالیت  سات لاکھ 69 ہزار 500 ڈالر (تقریباً 21 کروڑ 56 لاکھ روپے)  بتائی جا رہی ہے۔ بتیس سالہ ملزم جیتھن گلڈر نے مبینہ طور پر ان قیمتی زیورات کو اس وقت نگل لیا جب اسے 26 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اورلینڈو پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گلڈر کو مقامی ہسپتال میں تقریباً دو ہفتے تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا تاکہ وہ چوری شدہ بالیاں اس کے جسم سے خارج ہونے کا انتظار کر سکیں۔ پولیس نے بعد میں ایک ایکسرے بھی جاری کیا، جس میں ایک شخص کے پیٹ میں کوئی غیر معمولی شے دکھائی دے رہی تھی۔

بی بی سی  کے مطابق گلڈر نے 26 فروری کو اورلینڈو میں ٹفنی اینڈ کمپنی کے سٹور میں خود کو ایک این بی اے کھلاڑی کا معاون ظاہر کر کے انتہائی مہنگے زیورات دیکھنے کی درخواست کی۔ وہ مبینہ طور پر دکان کے ملازمین کو دھوکہ دینے کے بعد دو جوڑی بالیاں لے کر فرار ہو گیا، تاہم، بھاگنے کے دوران اس کے ہاتھ سے پانچ  لاکھ 87 ہزار ڈالر مالیت کی ایک ہیرے کی انگوٹھی گر گئی۔

جب پولیس نے اسے اسی دن پکڑا تو انہوں نے گلڈر کو مبینہ طور پر کئی چیزیں نگلتے ہوئے دیکھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیل لے جانے کے دوران ملزم نے کہا، "مجھے انہیں کھڑکی سے باہر پھینک دینا چاہیے تھا۔" بعد میں، جیل کے عملے سے اس نے پوچھا "کیا مجھے میرے پیٹ میں موجود چیزوں کے الزام میں بھی چارج کیا جائے گا؟"

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کیس "تیزی سے ایک طویل جدوجہد میں تبدیل ہو گیا" اور تقریباً دو ہفتے کی مسلسل نگرانی کے بعد آخری چوری شدہ بالی بھی برآمد کر لی گئی۔ زیورات کو جب ٹفنی اینڈ کمپنی کے اسٹور پر واپس لے جایا گیا تو دکان کے ماہر جوہری نے تصدیق کی کہ ان پر موجود سیریل نمبر چوری شدہ بالیوں سے مطابقت رکھتے ہیں۔

گلڈر اس وقت اورنج کاؤنٹی جیل میں قید ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے۔ اس پر 2022 میں ٹیکساس کے ایک ٹفنی اینڈ کمپنی سٹور میں ڈکیتی کا بھی الزام ہے، جبکہ کولوراڈو میں اس کے خلاف 48 وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -