خاتون نے اپنے بیٹے کو ڈزنی لینڈ لے جا کر قتل کردیا

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک بھارتی نژاد خاتون کو اپنے 11 سالہ بیٹے کا گلا کاٹ کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اڑتالیس سالہ سرِتھا رام راجو پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ وہ اپنے بیٹے کو ڈزنی لینڈ لے کر گئی تھیں اور بعد میں ایک ہوٹل کے کمرے میں اس کا قتل کر دیا۔
استغاثہ کے مطابق سرِتھا رام راجو پر قتل کے ساتھ ساتھ چاقو کے ذاتی استعمال کا الزام بھی لگایا گیا ہے جو کہ ایک سنگین جرم ہے۔ اگر وہ تمام الزامات میں مجرم قرار پاتی ہیں تو انہیں 26 سال سے عمر قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ 19 مارچ کو اس وقت پیش آیا جب سرِتھا رام راجو کو اپنے سابق شوہر کو بیٹے کو واپس کرنا تھا۔ اس روز صبح 9 بج کر 12 منٹ پر انہوں نے 911 پر کال کر کے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو قتل کر دیا ہے اور خودکشی کی کوشش میں زہریلی گولیاں کھا لی ہیں۔ پولیس جب ہوٹل پہنچی تو بچے کی لاش بستر پر پڑی ہوئی تھی، اور کمرے میں ڈزنی لینڈ کی یادگار اشیاء بھی موجود تھیں۔ پولیس کے مطابق بچہ کئی گھنٹوں پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ موقع سے ایک بڑا کچن چاقو بھی برآمد کیا گیا جو ایک روز پہلے خریدا گیا تھا۔
سرِتھا رام راجو نے 2018 میں اپنے شوہر پرکاش راجو سے طلاق لی تھی اور کیلیفورنیا سے نکل کر ورجینیا میں رہنے لگی تھیں۔ ان کے بیٹے کی مکمل تحویل پرکاش راجو کو دی گئی تھی جبکہ سرِتھا کو ملاقات کے حقوق حاصل تھے۔ وہ حالیہ عرصے میں بچے کی تحویل حاصل کرنے کے لیے قانونی جنگ لڑ رہی تھیں اور اپنے سابق شوہر پر نشے اور بدسلوکی کے الزامات عائد کر رہی تھیں۔