شیل تعمیر کے اقدامات سے نوجوانوں کے کاروبار ی مستقبل کا فروغ
کراچی (پ ر) انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) سینٹر آف اینٹرپرینیورشپ ڈیویلپمنٹ (CED) نے بزنس اسٹارٹ اپ کو فروغ دینے کے لئے " انوینٹ- 2019 "کے نام سے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا. یہ مقابلے IBA کراچی کے مرکزی کیمپس میں منعقد ہوئے ، جن کا مقصد اسٹارٹ اپ کاروباری تجربات کے لئے، جدّت پسند نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ، انہیں ایک سازگار ماحول فراہم کرنا تھا۔ ان مقابلوں میں پاکستان کے آٹھ شہروں سے آنے والے 100 سے زائد نوجوان موجدوں نے شرکت کی، اوراس تقریب کے مخصوص موضوعات ، مثلاً: صحت ، ذراعت، ٹیکنالوجی ، انفارمیشن سسٹم،شیل تعمیر کی سماجی اور STEM تعلیم، عوامی سہولیات اور ثقافت کے حوالے سے نت نئے تصورات پیش کئے۔ فائنل مرحلہ تک پہنچنے والے 35 نوجوانوں کے لئے تربیتی نشستوں اور ورک شاپس کا سلسلہ منعقد کیا گیا، جن میں مختلف صنعتوں کے ماہرین، اور طویل تجربہ کے حامل پیشہ ور کاروباری حضرات نے باصلاحیت شرکاء کو ، مقابلہ کے آخری مراحل میں بہترین کارکردگی کے لئے عملی راہنمائی اور معلومات فراہم کیں۔ آخری مرحلہ پر شرکاء نے اپنے کارباری منصوبے، ججوں اور ماہرین کے ایک پینل کے سامنے پیش کئے۔ ان ججوں کا تعلق صنعتی اور تعلیمی شعبہ کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی تنظیموں سے تھا۔اختتامی تقریب کے دوران شیل پاکستان لمیٹڈ میں تعلقات عامّہ کے سربراہ - حبیب حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ؛ میں اپنے ملک کے نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ایسی تقریبات ہمارے لئے نہایت پر مسرّت موقع ہوتی ہیں ، جن میں ترقی پسند ذہنی ہم آہنگی رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو ایک دوسرے سے مل کر اپنے جدید تصورات اور تجربات پر تبادلہ خیال کے مواقع ملتے ہیں۔شیل تعمیر ہمیشہ ایسی کاوشوں میں پیش پیش رہا ہے، جن کے ذریعے تمام متعلقہ افراد کے درمیان اشتراک کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ اس طرح جدید تر کاروبار ی منصوبوں کے لئے سازگار ماحول پیدا ہوتا ہے اور کاروباری نوجوانوں کے لئے ترقیاتی مواقع تخلیق ہوتے ہیں۔ اس طرح وہ پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔