بلاول بھٹو کا پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو دوبارہ پارٹی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جماعت چھوڑ کر جانے والوں کو دوبارہ پارٹی میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی خبر رساں ادارے سماءنیوز کے مطابق کراچی میں ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جماعت چھوڑ کر جانے والوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پارٹی کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں، ان کی اب پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، تاہم نئے آنے والے لوگوں کو جو کبھی جماعت کا حصہ نہ رہے خوش آمدید کہا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے پارٹی رہنماو¿ں کی تجویز کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ دوسری پارٹیوں سے تو لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں، لیکن پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو دوبارہ نہیں لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں مسلم لیگ (ن) سے بھی بات کی جائے گی، فیصلے کا مقصد لوٹا کریسی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔