کوہستان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق
کوہستان (ڈیلی پاکستان آن لائن ) کوہستان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری(ایف سی ) اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوہستان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی ایمبولینس نے شہری کو ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ، راہگیر زخمی ہونے پر مشتعل افراد نے ایمبولنس کو روکا اور سڑک پر الٹا دیا جس پر اہلکاروں نے لوگوں کو ہٹانے کیلئے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کی زد میں آکرفاروق نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا توشہریوں نے اس کی لاش سڑک پر رکھ دی اور احتجاج کیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔
رحیم یار خان :پی آئی اے کاپائلٹ طیارہ چھوڑ کر نیند پوری کرنے ہوٹل چلا گیا ، مسافر منتظر
مشتعل افراد نے شاہراہ قراقرم پر لاش رکھ کر فرنٹیئر کانسٹیبلری کے خلاف خوب نعرے بازی بھی کی اور ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ شہری کی ہلاکت کے بعد شہر کی صورت حال کشیدہ ہو گئی اور ٹائر جلا کر شاہراہ قراقرم کو بند کر دیا گیا ۔
ایس ایچ اوتھانہ کمیلہ کا کہنا ہے کہ نوجوان کے زخمی ہونے پر لوگوں نے ایمبولنس کو الٹا دیا جس پر فرنٹیئر کانسٹیبلری نے فائرنگ کی اور زد میں آکر نوجوان جاں بحق ہوا ۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔