حکومت کے پہلے سال کس وفاقی وزیر کی ایوان میں کارکردگی سب سے اچھی رہی؟ نام سامنے آگیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پلڈاٹ نے پہلے سال میں وفاقی وزراء کی ایوان میں کارکردگی کی جائزہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی پارلیمنٹری کارکردگی سب سے اچھی رہی ۔
تفصیل کے مطابق 28 فروری کو قومی اسمبلی کے پہلے سال کے خاتمے سے قبل پلڈاٹ نے اس بات کا جائزہ لیا ہے کہ سال بھر میں وفاقی کابینہ کے اراکین کی اسمبلی میں موجودگی اور قانون سازی کے لیے کردار کیا رہا۔ وفاقی وزراء کا تقرر بنیادی طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے ہوتا ہے تاہم وفاقی وزراء کی تعداد کا ایک چوتھائی سینیٹ سے ہو سکتا ہے۔
شہبازشریف کی وفاقی کابینہ میں 18 وفاقی وزرا اور 2 وزرائے مملکت شامل ہیں، کابینہ میں صرف ایک خاتون وزیر مملکت کے طور پر شامل ہیں جبکہ غیر مسلم اقلیتی نمائندگی کا فقدان ہے۔
وفاقی کابینہ کے اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے، پلڈاٹ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا جائزہ لیا، پلڈاٹ نے جائزہ کے لیے دو طریقے استعمال کیے ، پہلا یہ کہ کونسے وزیر کی حاضری کتنی رہی ، دوسرا یہ کہ کونسا وزیر پارلیمنٹ کے سیشن کے دوران کتنا بولا۔
پلڈاٹ کے تجزیے میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا نام سال 2024-2025 کے دوران پارلیمنٹ میں اپنی کارکردگی کے لحاظ سے وفاقی کابینہ کے سب سے بااثر اور موثر رکن کے طور پر سامنے آیا ہے۔
قانون و انصاف سمیت تین قلمدان رکھنے والے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی اختلاف رائے کے باوجود آئینی ترامیم اور اہم قانون سازی سمیت حکومت کے قانون سازی کے ایجنڈے میں شامل رہے ہیں اور قومی اسمبلی کے ایک سال کے دوران 38 حکومتی بلوں کی منظوری کا کریڈٹ بھی اعظم نذیر تارڑ کو دیا جاسکتا ہے جو ماضی کی اسمبلیوں کے پہلے سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ خیال کیے جارہے ہیں ۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کی موجودگی سب سے زیادہ پائی گئی،دونوں ایوانوں کی مجموعی 157 نشستوں میں سے 89 (57%) میں شرکت کی اور پارلیمنٹ کے پہلے سال کے دوران مجموعی طورپر دونوں ایوانوں میں 17 گھنٹے سے زیادہ بات کی۔
اعظم نذیر تارڑ کے بعد دوسرے نمبر پر وزیر دفاع خواجہ آصف ، تیسرے نمبر پروفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز قیصر احمد شیخ ، چوتھے پر وفاقی وزیر انڈسٹریز رانا تنویر، پانچویں پر وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ جبکہ چھٹے پر علی پرویز رہے ۔