پاک فوج نے لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی، نگران وزیرِ اعظم

 پاک فوج نے لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی، نگران وزیرِ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ  کا کہنا ہے کہ  پاک فوج نے لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی،پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے ناسور کا جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دیں۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد میں منعقدہ یوتھ کنونشن 2024 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی تقریب میں خصوصی مہمان کے طور پر شریک تھے.   

اپنے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستانی نوجوان جو ہماری آبادی کا 65 فیصد ہیں، ان کی شمولیت اور تعاون کے بغیر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فتح ممکن نہیں تھی،پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے خلاف پاکستان کے دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈے ،جیسا کہ حال ہی میں کیا گیا، کو مسترد کرنا چاہیے،پاکستانی نوجوان قومی سلامتی کے اس ابھرتے ہوئے چیلنج سے نبرد آزما ہونے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،اس چیلنج پر اسی وقت قابو پایا جا سکتا ہے جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگنڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں. 

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور پاکستان کے روشن مستقبل ہمارے نوجوانوں سے جڑا ہے، آرمی چیف نے نوجوانوں کو امید کا پیغام دیتے ہوئے منفی سوچ کو رد کرنے کی تلقین کی. 

آرمی چیف نے پاکستان کے قیام میں نوجوانوں کے کلیدی کردار کی مثال دیتے ہوئے دور حاضر کے نوجوانوں کو نظم و ضبط، انتھک محنت اور علم کی جستجو سے قوم کی خدمت کرنے کی تاکید کی. آرمی چیف نے پاکستان کے توانائی، افرادی قوت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبے میں ترقی کی وسیع استعداد پر روشنی ڈالی. آرمی چیف نے پاکستان کو درپیش چیلینجز پر قابو پانے کیلئے ملی یکجہتی اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا. 
آرمی چیف نے اس موقع پر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو پاکستان کے دشمنوں کی قوم کو تقسیم کرنے کی سازشوں سے بچنے کی تلقین کی اور کہا کہ ملک کی ترقی ملی یکجہتی کے بغیر ممکن نہیں. 

آرمی چیف نے اپنی گفتگو کے دوران قرآنِ پاک، علامہ اقبالؒ اور قائد اعظمؒ کے فرمودات کا بار بار حوالہ دیتے ہوئے نوجوانوں کو اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنے کی تلقین کی. 

آرمی چیف نے اس موقع پر پوری قوم کے تعاون سے پاک فوج کے پاکستان کی سرحدوں کی ہر قسم کے خطرے اور دشمنوں سے حفاظت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا.