پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت بہاول پور میں 43 اجتماعی شادیوں کی تقریب،صوبائی وزراء کی شرکت
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت بہاول پور میں 43 اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرل شیر علی گورچانی اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ اور کی شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد ظہیر اقبال چنڑ، اراکین اسمبلی ڈاکٹر رانا محمد طارق، خالد محمود ججہ، سابق ایم پی اے محمد افضل گل بھی شریک ہوئے۔ نوبیاہتا جوڑوں میں 2کرسچن دولہا دلہن اور ایک سپیشل جوڑا بھی شامل تھا۔ تقریب میں دولہا دلہن کے عزیزواقارب بھی موجود تھے۔
صوبائی وزراء کی جانب سے تقریب میں نوبیاہتا جوڑوں کوشادی کی مبارکباد دی گئی۔ تقریب میں علامہ سیف الرحمن درخواستی اور پادری ظہیر کامران نے دعائیں کرائیں۔ تقریب میں چولستان کے فنکاروں نے گیت پیش کیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے اجتماعی شادی کے تمام جوڑوں کو تحائف سمیت دھی رانی پروگرام سلامی کارڈ بھی دیا گیا۔ دھی رانی سلامی کارڈ کے ذریعے ہر نوبیاہتا جوڑا 1 لاکھ روپے سلامی حاصل کر سکے گا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے دولہا دلہن اور تقریب کے شرکاء کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔ اس موقع صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دولہا اور دلہن کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ شاندار تقریب کے انعقاد سے غریب اور امیر کی بچی کی شادی کا فرق ختم کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد ظہیر اقبال چنڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے پنجاب دھی رانی پروگرام کے شاندار انعقاد پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران و سٹاف اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
وزراء اور اراکین اسمبلی نے نوبیاہتا جوڑوں کے لیئے زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔