غازی آباد میں ہندوستان مردہ باد پاکستان زندہ باد کے نعرے
غازی آباد(کے پی آئی) بھارتی پولیس نے پاکستان بھارت ورلڈ ٹی 20کرکٹ میچ کے دوران ہندوستان مردہ باد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جانے کے الزام میں ایک نجی کالج کو نوٹس جاری کر تے ہوئے معاملے کی وضاحت طلب کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے غازی آباد علاقے مرادنگر میں واقع ایک نجی آئی ٹی کالج میں پاک بھارت ورلڈ ٹی 20کرکٹ میچ کے دوران 2طالبات میں جھگڑے کے دوران بھارت مخالف نعرے بازی کے حوالے سے پوچھ گچھ کی مراد نگر میں پولیس نے کالج انتظامیہ کو نوٹس بھیجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2بی ٹیک تھرڈایئر طالبات جن میں سے ایک کا تعلق بہار اور دوسری کا جموں وکشمیر سے ہے نے کالج کنٹین میں ایک دوسرے کے ساتھ گالی گلوچ کی اور اس دوران ہندوستان مردہ باد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اس لیے کالج انتظامیہ معاملے کی تحقیقات کر کے پولیس کو آگاہ کرے ۔
سٹیشن ہاؤس آفیسر مراد پور پولیس سبودہ کمار سکینہ کا کہنا ہے کہ کالج کے کیمپس کے دورے کے دوران کسی بھی چشم دید گواہ یا سی سی ٹی وی ویڈیو سے واقعے کے بارے مین پتہ نہ چل سکا۔ دوسری جانب کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹی 20میچ کے دوران ملک کے خلاف نعرے لگانے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔