خاتون نے زیادتی سے بچنے کیلئے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی

خاتون نے زیادتی سے بچنے کیلئے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی
خاتون نے زیادتی سے بچنے کیلئے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی
سورس: WIkimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) حیدرآباد میں ایک 23 سالہ خاتون نے مبینہ زیادتی کی کوشش سے بچنے کے لیے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس نے بتایا کہ خاتون اس وقت ایک مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ 22 مارچ کی شام اس وقت پیش آیا جب وہ سکندرآباد ریلوے سٹیشن سے میدچل جانے والی ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سروس (ایم ایم ٹی ایس) ٹرین کے لیڈیز کوچ میں اکیلی سفر کر رہی تھی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق  اس کوچ میں دو دیگر خواتین بھی موجود تھیں جو الوال ریلوے سٹیشن پر اتر گئیں۔ ان کے جانے کے بعد ایک نامعلوم شخص جس کی عمر تقریباً 25 سال بتائی جا رہی ہے، کوچ میں داخل ہوا اور خاتون سے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا۔ خاتون نے انکار کیا تو ملزم نے مبینہ طور پر اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اپنی عزت بچانے کے لیے خاتون نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔

ٹرین سے گرنے کے بعد خاتون کے سر، ٹھوڑی، دائیں ہاتھ اور کمر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ بری طرح زخمی ہو گئی۔ راہگیروں نے فوری طور پر اسے ایک سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ طبی نگرانی میں ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے چار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات، انسانی انٹیلیجنس اور سائنسی شواہد کی مدد سے ملزم تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر وہ ملزم کو دوبارہ دیکھے تو وہ اسے پہچان سکتی ہے۔ اس کی شکایت پر پولیس نے بھارتی فوجداری قانون کے سیکشن 75 (کسی عورت کی عزت پر حملہ یا زبردستی) اور سیکشن 131 (مجرمانہ طاقت کے استعمال) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مزید :

جرم و انصاف -