پاکستان مشن اقوام متحدہ نیویارک کی جانب سے منیر اکرم کے اعزاز میں الوداعی تقریب ، اہم شخصیات کی شرکت

نیویارک (طاہرمحمود چوہدری سے)پاکستان مشن برائے اقوامِ متحدہ نیویارک میں آج مستقل مندوب سفیر منیر اکرم کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر نامزد مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، قونصل جنرل نیویارک عامر احمد اتوزئی، نائب مستقل مندوب عثمان جدون، مشن کے افسران اور ان کے اہل خانہ، عملے کے ارکان، اور سفیر منیر اکرم کی اہلیہ نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سفیر عاصم افتخار احمد نے سفیر منیر اکرم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پاکستان کے لیے کئی دہائیوں پر مشتمل شاندار سفارتی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے انہیں ایک شفیق رہنما، اعلیٰ پائے کا حکمتِ عملی ساز، اور کثیر الجہتی سفارت کاری کا نمایاں ترین ماہر قرار دیا، جنہوں نے پاکستان کی بے مثال خدمت کی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ملک کے وقار کو بلند رکھا۔ منیر اکرم کی شاندار عوامی خدمات کا ورثہ آنے والی نسلوں کے پاکستانی سفارت کاروں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔
سفیر منیر اکرم نے اپنی طویل سفارتی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے "طویل، پرمشقت، مگر بے حد ثمر آور" قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی فارن سروس کے اس اہم کردار کو اجاگر کیا جو وہ ایک پیچیدہ عالمی ماحول میں ملک کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ادا کر رہی ہے۔ مشن کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مفید مشورے دیئے۔
اس موقع پر ایک خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں مختلف ممالک کے سفیروں اور پاکستان مشن کے افسران کے تاثرات شامل تھے، جنہوں نے سفیر منیر اکرم کی خدمات اور ان کے سفارتی شعبے پر اثرات کو خراج تحسین پیش کیا۔
فروری 14، 1945 کو پیدا ہونے والے منیراکرم نے 1967 میں فارن سروس جائن کی تھی۔ حسن اتفاق سے ایک نوجوان آفیسر کے طور پر انکی پہلی پوسٹنگ ہی پاکستان مشن اقوام متحدہ نیویارک ہوئی تھی۔