امارات نے 100 درہم کا نیا پولیمر نوٹ جاری کر دیا، اس کی کیا خصوصیات ہیں؟

ابو ظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے نیا 100 درہم کا بینک نوٹ جاری کر دیا ہے، جو پولیمر سے تیار کیا گیا ہے اور جدید ڈیزائن و سیکیورٹی خصوصیات پر مشتمل ہے۔ یہ نیا کرنسی نوٹ 24 مارچ سے گردش میں آ گیا ہے اور موجودہ 100 درہم کے نوٹ کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ تمام بینکوں اور ایکسچینج ہاؤسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے کیش ڈیپازٹ مشینوں اور گننے والے آلات کو اس نئے نوٹ کی قبولیت کے لیے تیار کریں، جبکہ موجودہ کاغذی اور پولیمر نوٹ بھی قانونی طور پر اپنی قدر برقرار رکھیں گے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق اس نوٹ کا ڈیزائن منفرد ہے اور اس میں مختلف شیڈز کی سرخ رنگت استعمال کی گئی ہے۔ مرکزی بینک نے اس کرنسی کی روایتی رنگت کو برقرار رکھا ہے جبکہ اس پر اماراتی قومی برانڈ کے نقوش اور جدید پرنٹنگ تکنیکوں سے بنائی گئی تحریریں شامل کی گئی ہیں۔
نئے بینک نوٹ کے سامنے والے حصے پر ام القوین نیشنل فورٹ نمایاں کیا گیا ہے جو امارات کی تاریخی وراثت اور جدید ترقی کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ پچھلے حصے پر فجیرہ پورٹ دکھایا گیا ہے جو ملک کی سب سے بڑی بندرگاہوں میں سے ایک ہے اور بحری تجارت و نقل و حمل کا ایک اہم مرکز ہے۔
اس کے علاوہ اس نئے نوٹ میں اتحاد ریل کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو ساتوں امارات کو جوڑنے والا ریلوے نیٹ ورک ہے اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی ) کے ممالک تک پھیل رہا ہے۔ اتحاد ریل سماجی روابط کو مضبوط بنانے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ 100 درہم کا نیا نوٹ متحدہ عرب امارات کے قومی کرنسی منصوبے کے تیسرے اجرا کا حصہ ہے۔ اس کے ڈیزائن میں امارات کی کامیابی کی داستان کو اجاگر کیا گیا ہے، جس میں ثقافتی اور ترقیاتی علامتوں کو نمایاں کیا گیا ہے تاکہ ملک کی ایک عالمی اقتصادی اور تجارتی مرکز کے طور پر پہچان کو ظاہر کیا جا سکے۔
سیکیورٹی کے لحاظ سے نئے نوٹ میں جدید حفاظتی خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جن میں SPARK Flow DIMENSIONS اور KINEGRAM COLORS جیسی ٹیکنالوجیز شامل ہیں، جو جعلسازی کو روکنے اور صارفین کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
پولیمر بینک نوٹ روایتی کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار اور ماحول دوست ہوتے ہیں، جو عام طور پر دوگنا یا اس سے زیادہ عرصے تک گردش میں رہتے ہیں۔ اس نوٹ میں نابینا اور کمزور بینائی والے افراد کی سہولت کے لیے ابھری ہوئی بریل علامات شامل کی گئی ہیں تاکہ وہ نوٹ کی قدر کو باآسانی پہچان سکیں۔
حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کو اس کے 500 اور 1000 درہم کے پولیمر نوٹوں کی منفرد خصوصیات اور حفاظتی معیارات کی وجہ سے 2023 اور 2025 کی ہائی سیکیورٹی پرنٹنگ ای ایم ای اے کانفرنس میں 'بہترین نیا بینک نوٹ' کا ایوارڈ دیا گیا۔