آن لا ئن فٹنس ٹیسٹ،کھلاڑیوں کی اکثر یت فٹ قرار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ویڈیو لنک پر بیشتر قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں، اس حوالے سے تمام ٹرینرز رپورٹس چند روز میں تیار کرکے شعبہ ڈومیسٹک اور ہیڈکوچ مصباح الحق کو بھجوادیں گے۔ذرائع کے مطابق لاک ڈاون میں گھروں تک محدود کھلاڑیوں کی اکثریت نے فٹنس کے معیار کو برقرار رکھا ہے،انھوں نے مقررہ وقت میں تمام ڈرلز کرکے ٹرینرز کومطمئن کردیا، شان مسعود، امام،بابر اعظم، سرفرازاحمد،اظہرعلی،اسد شفیق اور محمد عباس کی فٹنس کا لیول بہت عمدہ رہا ہے، عماد وسیم، حسن علی اور محمد عامر کی فٹنس میں بہتری پائی گئی۔صوبائی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی اکثریت بھی فٹنس کے مقررہ پیمانے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔تین کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی، عابد علی اور یاسر شاہ کا فٹنس ٹیسٹ اگلے ہفتے ہوگا۔