گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر 13دکاند ار گرفتار، 4بڑے سٹور سیل
لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور نے پرائس کنٹرول کی گزشتہ روز کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ 262 مقامات کو چیک کیا گیا،34 مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی، 23 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ انہو ں نے کہا کہ13 گراں فروشوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا گیا اور13 افراد کو حراست میں لیا گیا اور04 افراد کو سیدھا جیل بھیج دیا گیا ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے گراں فروشی پر کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی اور چاول ذخیرہ کرنے پر مختلف سٹوروں پر کارروائیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ52 انسپکشنز کی گئیں اور 04 سٹورز کو سیل کر دیا گیاہے، فوڈ گرین، گولڈن سپر سٹور، نقشبندی سپر سٹور اور الرحمان سٹور کو سیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروائیاں سمن آباد روڈ، چوک یتیم خانہ، کھاڑک سٹاپ اور مین ملتان روڈ پر کی گئیں اورچوک یتیم خانہ پر واقع خرم ٹریڈرز کو وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا اورصورتحال کے پیش نظر کسی کو بھی ہرگز ناجائز فائدہ نہیں اُٹھانے دیا جائے گا۔