رمضان المبارک، سندھ میں سوموار تا جمعرات 6گھنٹے کیلئے کاروبار کھولنے کی اجازت
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ نے رمضان المبارک کے دوران پیر تا جمعرات صبح 9 سے دوپہر 3 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں رمضان المبارک کے دوران کاروبار کی ایس او پیز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سعید غنی، امتیاز شیخ، مکیش چاولہ، ناصر شاہ، مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ رمضان المبارک میں بھی شام 5 بجے کے بعد لاک ڈاؤن ہوگا اور احترام رمضان آرڈیننس جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کاروبار پیر تا جمعرات صبح 9 سے 3 بجے تک ہوگا اور صبح 8 سے شام 5 بجے تک گروسری کی دکانیں کھلی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پکے ہوئے کھانے کی ڈیلیوری 5 سے 10 بجے تک ہوگی اور سحری میں کوئی ہوم ڈلیوری سروس نہیں ہوگی۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ ایک ایس او پی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرے گا جس میں وقت بتایا جائے گا۔
سندھ /اجازت