پاکستان میں کورونا کے مریضوں اور ہلاکتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ، تازہ اعدادوشمار سامنے آگئے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 256 ہو گئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 12 ہزار 227 ہوگئی ہے,گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین اموات ہوئیں جبکہ 287 نئے مریض سامنے آگئے ۔دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد اٹھائیس لاکھ سے زائد اور اموات انیس ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔
سرکاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 6,780 ٹیسٹ کیے گئے جس کےبعد مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 138,147 ہوگئی ۔ اب تک پنجاب میں کورونا کے 5 ہزار46 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 4232، خیبرپختونخوا 1708، بلوچستان656، اسلام آباد223، آزادکشمیر55 اورگلگت بلتستان میں 307 افراد میں وائرس کی تصدیق ہے۔ پاکستان میں اب تک 2 ہزار 755 مریض صحت یاب ہوگئے۔
صوبوں کی حالت
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سےسب سے زیادہ 89 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 78، پنجاب میں73، بلوچستان 10، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3،3 افراد جاں بحق ہوئےتاہم خوش قسمتی سے آزاد کشمیر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پاکستان میں کورونا وائرس سے 2,755 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجتماعات پر پابندی
پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاو¿ کم کرنے کیلئے عوام اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے مساجد میں زیادہ سے زیادہ پانچ افراد کو نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دنیا بھر کے حالات
دوسری طرف عالمی وبا کوروناوائرس کے سبب دنیا میں مریضوں کی تعداد اٹھائیس لاکھ سے زائد ہو چکی ہیں جب کہ سات لاکھ اٹھانوے ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔یورپ پر کورونا کے وار بدستور جاری ہیں اورسپین میں مزید تین سو سڑسٹھ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ سپین میں مرنے والوں کی تعداد ساڑھے بائیس ہزار سے بڑھ گئی۔فرانس میں مزید تین سو نواسی افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد بائیس ہزار دو سو سے زائد ہے۔ اٹلی میں بھی مزید چار سو بیس افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد پچیس ہزار نو سو انہترہو گئی ہے۔
بیلجئیم میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار چھ سو سے بڑھ گئی، جرمنی میں پانچ ہزار چھ سو سے زائد افراد وائرس کی نذر ہو گئے ہیں اور ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ چون ہزار سے بڑھ گئی ہے۔کورونا وائرس سے امریکہ میں آج انیس سو اکاون اموات ہوئی ہیں۔ مجموعی طورپر باون ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں اور مریضوں کی تعداد نو لاکھ پچیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
برطانیہ میں آج کورونا سات سواڑسٹھ جانیں نگل گیا اور مجموعی ہلاکتیں انیس ہزار سے بڑھ زائد ہو گئی ہیں اور ایک لاکھ تینتالیس ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ترکی میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے ایک سو نو اموات ہوئی ہیں اور مجموعی اموات چھبیس سو تک پہنچ چکی ہیں جب کہ ایک لاکھ چار ہزار سے زائد مریض ہیں۔سعودی عرب میں مرنے والوں کی تعداد ایک سو ستائیس ہوگئی ہے اور پندرہ ہزار سے زائد مریض ہیں۔