عرب اتحاد کی یمن میں ایک ماہ جنگ بندی کی توسیع، اعلان ہوگیا

ریاض (وقار نسیم وامق) سعوی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے 23 اپریل سے ایک ماہ کے لیے یمن میں مکمل جنگ بندی میں توسیع کی ہے، یہ اعلان اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کیا ہے.
عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ ابتداء میں 2 ہفتوں کے لیے جنگ بندی کی گئی تھی، اس کی شروعات 8 اپریل سے ہوئی تھی، جنگ بندی کا فیصلہ عرب اتحاد نے اقوام متحدہ کے ایلچی برائے یمن کی درخواست پر کیا تھا، جنگ بندی کا فیصلہ فریقین کو مذاکرات میں پیشرفت کا موقع فراہم کرنے، ملک میں اقتصادی، انسانیت نواز انتظامات طے کرنے، سیاسی عمل بحال کرنے کی غرض سے کیا گیا تھا.
المالکی نے کہا کہ عرب اتحاد کے پیش نظر یہ بات بھی ٹھیک ہے کہ جنگ بندی کے دوران متحارب فریق کورونا وائرس سے نمٹنے کی اہمیت اور ضرورت کو محسوس کریں، ترجمان کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد نے ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ رمضان میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور یمنی بھائیوں کو اس مصیبت سے نجات دلانے کے لیے خصوصی اقدام کے جذبے سے کیا ہے.
المالکی نے کہا کہ ’عرب اتحاد کی قیادت ایک بار پھر اس عزم کا اظہار ضروری سمجھتی ہے کہ یمن میں مکمل اور پائیدار جنگ بندی کا معاہدہ ہوجائے، یمنی بھائیوں کو مصائب کے بھنور سے نکالنے کے لیے ٹھوس اقدامات طے پا جائیں.