ہوٹل روم میں رکے’جوڑے‘ نے کمرے کا صفایا کر دیا، پنکھے سمیت سب کچھ چوری، ویڈیو سامنے آگئی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک ہوٹل میں ٹھہرے دو مہمان کمرے کا صفایاکرکے رفوچکر ہو گئے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ مہمان جوڑالگژری تولیے، لیمپ، الیکٹرک پنکھا، ایک کیتلی اور ٹی وی ریموٹ کنٹرول سمیت ہر وہ چیز کمرے سے اٹھا لے گئے جو وہ اٹھا سکتے تھے۔ وہ کمرے میں صرف صابن اور شیمپو چھوڑ کر گئے۔
ہوٹل روم کا صفایا کرکے فرار ہونے سے قبل دونوں مہمانوں نے سی سی ٹی وی کیمرے میں دیکھ کر ہوٹل کے سٹاف کا منہ چڑایا اور یہ جا وہ جا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی منظرعام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مرد اور خاتون دونوں بڑے بڑے بیگز میں سامان بھر کر ہوٹل سے نکل رہے ہوتے ہیں۔
ہوٹل کی 43سالہ مالک نتالی نیوٹن نے طنزیہ طور پر کہا ہے کہ ”میں حیران ہوں کہ وہ لوگ صابن اور شیمپو کیوں چھوڑ گئے۔مجھے اب تک یقین نہیں آ رہا کہ دنیا میں اس طرح کے لوگ بھی ہو سکتے ہیں۔ہم نے اس واقعے کی پولیس کو رپورٹ کر دی ہے۔“