بچوں کے کمرے کی آرائش و زیبائش!
بیشک بچے خدا کا بہترین تحفہ ہوتے ہیں۔ اور ان سے متعلق ہر کام آپ بخوشی سر انجام دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں بچوں کا کمرہ بھی بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ یہ کمرہ ایسا ہونا چاہیے کہ آپ کے بچے کی تخلیقی صلاحیتیں مزید بہتر ہوں، اور یہ بچے کی شخصیت سے بھی مطابقت رکھتا ہو۔ بچوں کے کمرے کی سجاوٹ وقت کے ساتھ ساتھ بدلتی جاتی ہے ،کیونکہ بچوں کا مزاج بھی بدلتا رہتا ہے۔
طبی تحقیق کے مطابق بچوں کی بہترنشوونما اورصحت کے لیے صحت مند اور مثبت ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔ نفسیاتی طورپربچوں کوایک تعمیری اورمثبت شخصیت دینے کے لئے ان کا ماحول کلیدی اہمیت رکھتاہے۔ بچوں کے ماحول میں ان کے استعمال کی اشیائ، کھلونے اوردیگرتفریحی اورتعلیمی حوالہ جات شامل ہیں۔ ظاہرہے ایسے مخصوص ماحول میں بچوں کے کمرے ہی زیادہ مفید ہوتے ہیں۔ اس لئے بچوں کی ضروریات پرسوچنے سے پہلے ان کے کمرے کو ترجیح دینا پڑتی ہے۔ اگر آپ بچوں کے کمرے کے لئے ضروریات اور جدید رجحانات پرمفید تجاویز اور قابلِ عمل مشوروں کے متمنی ہیں تو یہ مضمون آپ ہی کے لئے ہے۔
٭ ٭
تعلیم کھیل کھیل میں
بچوں کے کمرے کا ڈیزائن دلچسپ اشیاءپر مشتمل ہونا چاہئے۔ کمرے کا محلِ وقوع اور آنے جانے کے راستے بچوں کے کھیل کود کے مطابق ہونے چاہئیں، تاکہ انہیں مناسب جگہ میسر ہو۔ ان کے سامان رکھنے کے طاقچوں سے لے کر کھلونوں تک سب کچھ دلچسپ، رنگین اوربالترتیب ہونا چاہئے۔
٭٭
کشادگی اوربچوں کی ذہنی نشوونما
بچوں کا کمرہ کھلا، ہوادار اور روشن ہونا چاہئے۔ گھٹن اور اندھیرے میں بچے کھل کر اپنی فطری رنگینیوں کا اظہار نہیں کر پاتے۔ اچھل کود کے بعد بچوں کو صاف ستھری ہوا کی ضرورت ہوتی ہے۔ بچوں کے کمرے میں موسم کے لحاظ سے ٹھنڈے گرم انتظامات یقینی بنانے چاہئیں۔
٭٭
بچوں کے رنگ
بچوں کی دنیا ہی الگ ہوتی ہے۔ بچوں کے کمرے میں پینٹ کرتے وقت ان کے مزاج اور شخصیت کے ساتھ ساتھ ان کے پسندیدہ کارٹون، پسندیدہ کردار، کھیل، پھول وغیرہ کو مدِنظررکھیں۔ بچے شوخ اور زندہ رنگ پسند کرتے ہیں، لیکن ہلکے رنگوں کا ماہرانہ امتزاج زیادہ بہتر رہتا ہے۔ بچے زیادہ تر ہلکا نیلا، پیلا، گلابی، نارنجی اورسرخ رنگ پسند کرتے ہیں، جوخوبصورت نقشوں اورتصاویرسے مزیّن ہوں۔
٭٭
بچوں کی تخلیقی صلاحیتیں
ماہرین کے مطابق بچوں کو پڑھانے کا بہترین طریقہ کھیل ہی ہیں۔ بچے کھلونوں اورکارٹونوں وغیرہ پر سب سے زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ ان کے پسندیدہ کھلونوں اورکرداروں پر مشتمل تصاویر، کتابیں، کاپیاں، لنچ بکس، پنسل وغیرہ کے ساتھ کمرے کے اندراستعمال ہونے والی اشیاءبھی اسی انداز میں ترتیب دینی چاہئےں۔
٭ ٭
پُرسکون اورآرام دہ
بچے فطری طور پر نرم مزاج اورنازک اندام ہوتے ہیں۔ بچوں کا کمرہ آرام دہ اور پُرسکون ہونا چاہئے۔ بچوں کے بستر، بیڈ، واش روم اور الماری و غیرہ کی صفائی اورنفاست ان کی تربیت کا حصہ اور دُور رس نتائج کا حامل ہے۔
٭٭
بچوں کی حوصلہ افزائی
بچوں کے کمرے میں ان کی پینٹنگز، انعامات، ڈرائینگزاور دیگر تخلیقات کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں، کیو نکہ یہ انہی کا کمرہ ہے۔ اس طرح بچے اپنے دوستوں میں ممتاز ہو کرفخرکرتے ہیں۔ خصوصاََ سکول میں جیتے گئے انعامات وغیرہ۔
نوٹ: دیوار پر بنائی گئی تصویر آپ کے بچے کی تخلیقی صلاحیت کو اُبھارے گی اور کمرے میں بہت منفرد انداز لائے گی۔
٭بچوں کے لیے کونے میں موجود چھوٹا خیمہ ان کے کھیلنے کودنے اور گھر کے اندر ہی کیمپینگ پارٹی کرنے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔
٭ بچوں کو منفرد اور دلچسپ چیزیں ہمیشہ اچھی لگتی ہیں تو درخت کی طرح کا شیلف بچوں کو کتابوں کے قریب آنے میں مدد دے گا۔
٭ دیوار پر لگائی گئی آرائشی اشیاء سب سے بہترین ہیں، کیونکہ آپ انہیں بچوں کے بدلتے مزاج کے ساتھ ساتھ بآسانی تبدیل کر سکتے ہیں۔
٭ گہرے اور شوخ رنگ ایک دم سے کمرے میں جان ڈال دیتے ہیں اور بآسانی دیوار پر کیے بھی جا سکتے ہیں۔
٭ بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے ایک چاک بورڈ دیوار بنائیں جس پر آپ کا بچہ اپنی مرضی کی تصاویر بنا کر اپنا کمرہ سجائے۔
٭ دیوار پر لگے نقشے کی مدد سے بچوں میں گھومنے پھرنے کا شوق پیدا کریں اور ان کا جغرافیہ بہتر کریں۔
٭ بہن بھائیوں کی آپس میں دوستی بڑھانے کے لیے ان سے بنک بستر کی سجاوٹ خود کروائیں۔
٭ کمرے کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے لیے اس طرح کے منفرد شیلف، جو دونوں طرف سے کھلا ہو، استعمال کریں۔
٭سادہ انداز کے لیے اپنے بچے کے پسندیدہ پوسٹر یا تصاویر کا انتخاب کریں، جیسے کہ سوپر ہیرو کے نشانوں والے پوسٹر۔
٭ اگر خیموں کا خیال آپ کو اچھا نہیں لگا تو آپ بستر کے اوپر ہی اس ٹری ہاو_¿س جیسی جگہ بنا سکتے ہیں۔
٭ وال پیپر کی مدد سے آپ کمرے کو بآسانی کسی تھیم کے مطابق سجا سکتے ہیں۔
٭ بچوں کو اپنا نام پڑھنا اور دیکھنا پسند ہوتا ہے تو کیوں نہ ان کے کمرے میں ہی ان کے نام سے آرائش کی جائے۔ اگر اب چاہیں تو آپ پینٹ کر لیں ورنہ لکڑی یا پلاسٹک کے حروف لگائیں۔
٭روشنیاں ہر کمرے کو خوبصورت بناتی ہیں، مگر بچوں کے کمرے میں موجود ننھے قمقمے اسے ایک جادوئی جگہ بنا دیں گے۔
اپنے چھوٹے بچے کے لیے بھی آپ کمرے کو نرسری کے طور پر سجا سکتے ہیں۔ جیسے چاند اور تاروں کی تصاویر چپکا کر۔
٭٭٭