بیٹ افسران معززین علاقہ اور شریف شہروں کے قریبی روابط رکھیں، امین وینس
لاہور(پ ر)سی سی پی اولاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ بیٹ افسروں کو اپنی بیٹ کے معززین اور شریف شہریوں سے قریبی روابط رکھنے ہونگے جس کے لیے انہیں بیٹ کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بیٹ میں رہنے والے ہر شہری کی خوشی اور غمی میں ضرور شریک ہونا چاہیے۔ اس سے جہاں ان کے شہریوں سے تعلقات مزید مضبوط ہونگے وہیں شادی بیاہ میں ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور ون ڈش کے قانون پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔اُنہوں نے کہا کہ لوگ پیسے خرچ کر اور اپنا قیمتی وقت دے کر خلق خدا کی خدمت کے لیے این جی اوز اور مختلف فلاحی ادارے بناتے ہیں لیکن محکمہ پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کوتو اللہ تعالیٰ نے محکمہ پولیس کی شکل میں خلق خدا کی خدمت کے ایسا پلیٹ فارم دیا ہے جس کے ذریعے اگر ہم نیک نیتی اور خلق خدا کے جذبے سے فرائض سر انجام دیں توباعزت روزی کمانے کے ساتھ ساتھ اپنی دنیا اور آخرت دونوں ہی سنوار سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے الحمراء ہال میں بیٹ اور ایڈمن افسران کے مشترکہ ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کے علاوہ دیگر ڈویژنل ایس پیز بھی موجود تھے۔اُنہوں نے کہا کہ بیٹ افسران اپنی بیٹ کے بینکوں، کاروباری و تجارتی مراکز اور پیٹرول پمپوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے نہ صر ف روزانہ کی بنیاد پر بینکوں، مارکیٹوں، پیٹرول پمپوں کے سیکورٹی گارڈز کو چیک کرنے کے پابند ہونگے بلکہ وہ ان کے پاس موجود اسلحے کو بھی چیک کریں۔انہوں نے کہا کہ بیٹ افسر اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ بینکوں میں گارڈز وینٹج پوائنٹ/مورچے میں کھڑے ہو کرسیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں اور کسی ہنگامی صورتحال میں وینٹج پوائنٹ میں کھڑے گارڈ کے پاس آلارم کا بٹن،15پر کال کرنے کی سہولت موجود ہو تا کہ ان کے بروقت استعمال سے صورتحال سے نمٹا جا سکے۔سی سی پی او نے کہا کہ جو بینک اور دیگر مالیاتی ادارے پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے سیکورٹی ایڈوائزری لیٹر پر عملدرآمد میں ناکام رہے توپھر متعلقہ بیٹ افسر اس برانچ کو بند کرانے کا بھی مجاز ہو گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر بیٹ میں تین تین موٹر سائیکلیں، وائرلیس سیٹ، انڈرائیڈ موبائل فون دیئے جائیں گے تا کہ بیٹ افسران بیٹ میں شہریوں سے قریبی رابطہ رکھنے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد اور ان کی سرگرمیوں پرباآسانی نظر رکھنے کے لیے موثر پیٹرولنگ کو یقینی بنا سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ اب یہ بیٹ افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیک نیتی اور لگن سے شہریوں کے جان، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے اپنی کمر کس لیں جو بیٹ اور ایڈمن افسران خلق خدا کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر نیک نیتی سے فرائض سر انجام دیں گے ان کے لیے ہر سہولت اور حوصلہ افزائی میسر ہو گی جبکہ اس سسٹم میں خرابی پیدا کرنے والوں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں۔